سیف سٹیز کیمروں سے ٹیموں کے روٹس اور سٹیڈیم کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی :آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کا سیمی فائنل میچ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹ کی سکیورٹی کے پیش نظر ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔کھلاڑیوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے لمحہ بہ لمحہ کوارڈینیشن یقینی بنائی جائے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے میچ کی سکیورٹی پر 12 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کئے گئے۔کھلاڑیوں کی رہائشگاہ، روٹس،سٹیڈیم اور اردگرد کی بلند عمارات پر سنائیپرز تعینات کئے گئے۔ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ ٹیمیں روٹس و اہم مقامات کے گرد موثر پٹرولنگ کرتی رہیں۔ سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے ٹیموں کے روٹس اور سٹیڈیم سمیت اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی جبکہ ٹریفک کا بلاتعطل بہاو اور مناسب پارکنگ یقینی بنانے کیلئے اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کئے گئے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس،ا سٹیڈیم کے اطراف سرچ، سویپ، کومبنگ و انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھیں۔ سٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں اور انٹری گیٹس پر تعینات فورس شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ شائقین محفوظ ماحول میں انٹرنیشنل کرکٹ سے لطف اندوز ہونے کیلئے پنجاب پولیس سے تعاون کریں۔دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کیے۔ تفصیلات کے مطابق، انسپکٹر عطا محمد کی پروموشن کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف کی ہدایت کی۔ شہید کانسٹیبل احسان علی کے والد کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی کو ریلیف کا حکم دیا۔ اے ایس آئی جعفر حسین کی سنیارٹی کی بحالی اورسب انسپکٹر صفدر سجاد کی پروموشن کی درخواستوں پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انسپکٹر قیصر مشتاق کی درخواست پر ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور کو ریلیف کی ہدایت کی۔ کانسٹیبل ساجد محمود کی ٹرانسفر اور چھٹی کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔نائب قاصد بلال طاہر کی طبی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ریلیف کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔