ٹرمپ کی زیلنسکی سے شدید تلخ کلامی، یوکرینی صدر کو وائٹ ہاوس سے چلتا کر دیا

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر زیلنسکی کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ وائٹ ہاو¿س میں ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرین کے صدر کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ غصے میں آگئے، ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی موجود تھے۔

یوکرینی صدر نے امریکی نائب صدر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ چیخیں مت، امریکی صدر نے کہا کہ جے ڈی وینس چیخ نہیں رہے بات کر رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر کو جھاڑ دیتے ہوئے کہا کہ آپ تیسری جنگ عظیم پر جوا کھیل رہے ہیں، آپکی وجہ سے روس کے ساتھ جنگ نہیں رک رہی، آپ کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔

زیلنسکی نے مطالبہ کیا کہ معدنیات معاہدے کے ساتھ امریکہ کی سکیورٹی گارنٹی چاہتے ہیں، ٹرمپ نے جواب دیا کہ یوکرین کی سکیورٹی کی گارنٹی امریکہ کی نہیں یورپ کی ذمہ داری ہے، تلخ کلامی کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس منسوخ کردی گئی۔

دونوں ملکوں کے درمیان معدنیات کے معاہدے پر دستخط کی تقریب بھی منسوخ ہوگئی، گرما گرمی کے بعد یوکرینی صدر وائٹ ہاوس سے چلے گئے۔