لاہور:(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرصدارت شیخوپورہ اور فیصل آباد ریجن کی کرائم میٹنگ سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں ہوئی، آئی جی پنجاب نے شیخوپورہ اور فیصل آباد ریجنز میں کرائم کنٹرول، لا اینڈ آرڈر اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا، کرائم میٹنگ میں آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر، سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر اور متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، آئی جی پنجاب نے دونوں ریجنز میں چالاننگ، ملزمان کی گرفتاری اور ریکوری پوزیشن کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے شیخوپورہ ریجن کو کرائم کنٹرول کےلئے کارکردگی بہتر بنانے جبکہ فیصل آباد میں نئے تعینات ہونے والے آر پی او اور سی پی او کو کرائم کنٹرول کےلئے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی،آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا سنگین جرائم کے اشتہاریوں کی گرفتاری اور چالاننگ کی شرح بہتر بنائی جائے، رمضان المبارک کے دوران مساجد، عبادت گاہوں، مارکیٹوں اور شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنائیں، ڈی پی اوز 1787، سی ایم کمپلینٹس اور ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن پر شکایت کنندگان سے خود رابطہ کرکے فیڈ بیک لیں، بلائنڈ مرڈر، خواتین اور بچوں سے زیادتی و دیگر سنگین کیسز کے حل پر فوکس کریں، خواتین اور بچوں سے زیادتی کے کیسز میں انویسٹی گیشن افسران ڈی این اے لازمی کروائیں اور لائن آف انکوائری کو فالو کریں،اینٹی ریپ ایکٹ ٹریننگ ماڈیول کے تحت اپریل میں انویسٹی گیشن افسران کا تربیتی کورس کرایا جائے گا۔
سنگین جرائم کے اشتہاریوں کی گرفتاری، چالان شرح بہتر بنائی جائے،آئی جی پنجاب
















