امریکی امدادی پروگرام کی بندش سے پاکستان بھی متاثر،36منصوبے لٹک گئے

واشنگٹن :(بیورورپورٹ)ٹرمپ انتظامیہ کی بدلتی پالیسیاں ،امدادی پروگرام کی بندش سے پاکستان بھی متاثر،36منصوبے لٹک گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں میں تبدیلیوں اور غیرملکی امدادی پروگرام بند کرنے سے پاکستان میں بھی ایک ارب 12 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے منصوبے بند ہوں گے۔

امریکی حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا دیگر ممالک کی طرح پاکستان کیلئے بھی امداد بند کردی گئی، پاکستان میں امریکی امداد کے تحت کل 36 منصوبے جاری ہیں جن کی مجموعی لاگت ایک ارب 13 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہے، منصوبے انسانی حقوق، جمہوریت، توانائی، صحت، زراعت، تعلیم، معیشت اور گورننس سے متعلق ہیں،امریکی امداد کی بندش سے صحت کے 5، اقتصادی ترقی کے 4 اور زراعت کے 5 منصوبے متاثر ہوں گے، گورننس کے 12، توانائی کے 5 اور تعلیم کے 4 منصوبے بھی بند ہو جائیں گے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق امریکہ اپنے بجٹ کا صرف ایک فیصد حصہ بیرون ملک امدادی سرگرمیوں کیلئے مختص کرتا ہے جبکہ امریکہ نے 2023 میں بیرون ملک امداد پر 68 ارب ڈالر خرچ کیے،ٹرمپ انتظامیہ کے اقدام سے جہاں مختلف شعبوں کے اہم منصوبے متاثر ہوں گے وہیں امریکہ کے عالمی رسوخ کو بھی شدید دھچکا لگے گا۔