واشنگٹن:(خواجہ فاروق)امریکہ فضائی حادثے میں پاکستانی خاتون بھی جاں بحق،ٹرمپ نے ذمہ دار سابق صدر جو بائیڈن اور ڈیموکریٹک پارٹی کو ٹھہرا دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن طیارہ حادثے میں جاں بحق پاکستانی خاتون کی شناخت اسریٰ کے نام سے ہوئی ،شوہر حماد رضا ریگن ایئرپورٹ پر اہلیہ کو خوش آمدید کہنے کےلئے موجود تھے ،اچانک ہونے والی افراتفری سے بے چینی پھیل گئی۔
حماد رضا نے کہابار بار پوچھے جانے پر ایئرپورٹ انتظامیہ نے طیارہ حادثے کا بتایا تو پاﺅں تلے زمین نکل گئی،اہلیہ نے طیارے کی لینڈنگ سے 15 یا 20منٹ قبل ہی میسیج کیا تھا ایئرپورٹ پر اترنے والے ہیں،اسریٰ واشنگٹن سے ڈومیسٹک پرواز کے ذریعے کینساس کے شہر ویچیٹا کسی کام سے گئی تھیں،شوہر حامد رضا نے کہااہلیہ ہوائی جہاز کے سفر سے گھبراتی اور کوشش کرتی تھیں فضائی سفر نہ کریں۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طیارہ حادثے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں الزامات کی بھرمار کرتے ہوئے سارا ملبہ سابق صدر جو بائیڈن اور ڈیموکریٹک پارٹی پرڈال دیا،امریکی صدر نے فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی میں کی گئی بھرتیوں ،اہلیت پر سوالات اٹھا دئیے اورمعذور افراد کی بھرتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاپتہ چلائیں گے تباہی کیسے ہوئی، یقینی بنائیں گے ایسا کچھ دوبارہ نہ ہو،دوسری جانب دریائے پوٹومیک سے بلیک باکس مل گیا،بلیک باکس مسافر طیارے کا ہے یا ہیلی کاپٹر کا تعین نہیں ہو سکا۔
علاوہ ازیں المناک تصادم کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں، رونالڈریگن ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور میں سٹاف کم ،حادثے کا شکار مسافر طیارے کا رن وے آخری لمحے تبدیل کرایا گیا،امریکی میڈیا کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر نے ملٹری ہیلی کاپٹرکو 30سیکنڈ قبل2بار پیغام بھیجا طیارے کے راستے سے ہٹ جائیں، ہیلی کاپٹرکے پائلٹ نے کوئی جواب نہیں دیا، امریکی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تربیتی مشن پر تھا۔
امریکہ فضائی حادثے میں پاکستانی خاتون بھی جاں بحق
















