لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے زیر انتظام لاہور شاپنگ فیسٹیول 2025 کا انعقاد 31 جنوری سے 2 فروری تک لاہور ایکسپو سینٹر میں ہوگا۔ اس میگا ایونٹ کا اہتمام لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر انتظام کیا جا رہا ہے۔یہ بات لاہور چیمبر صدر کے میاں ابوذر شاد اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی، ثقافتی اور معاشی حوالے سے لاہور شاپنگ فیسٹیول ایک اہم ایونٹ ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور دیگر اعلی حکومتی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ ایونٹ کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں اور عوام کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا اور تجارتی جمود کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہ صرف ایک شاپنگ ایونٹ نہیں، بلکہ لاہور کی شناخت اور ثقافتی ورثے کی عکاسی ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ الیکٹرانکس، فرنیچر، فوڈ، جیولری، آرٹ اینڈ کرافٹ، فیشن، کاسمیٹکس، کراکری، ہوم اپلائنسز اور رئیل سٹیٹ سمیت مختلف شعبوں کی مصنوعات کی نمائش ، روایتی دستکاری، فوڈ اسٹالز میوزک شوز، بچوں کیلئے دلچسپ سرگرمیاں اور تحائف کی قرعہ اندازی ، خریداری پر بڑے ڈسکاﺅنٹ اس میگا ایونٹ کا حصہ ہیں۔ میاں ابوذر شاد نے فیسٹیول کی کامیابی میں میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا تعاون ایونٹ کی کامیابی کیلئے نہایت اہم ہے۔نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے کہا کہ لاہور شاپنگ فیسٹیول 2025 کاروباری برادری اور عوام کو قریب لانے کا ذریعہ بنے گا اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی لائے گا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے تمام کاروباری حضرات اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس فیسٹیول میں بھرپور حصہ لیں اور اسے کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے تمام شعبہ ہائے زندگی پر زور دیا کہ وہ اس ایونٹ میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔
لاہور شاپنگ فیسٹیول 31جنوری سے 2فروری تک ایکسپو سنٹر میں ہوگا: صدر چیمبر
















