غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے، تجارتی ڈپلومیسی میں تیزی کےلئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا فیصلہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت نے برآمدات اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کےلئے تجارتی ڈپلومیسی میں تیزی لانے کےلئے مختلف ممالک میں ٹریڈ افسران تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا،وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق ملکی برآمدات اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے کےلئے تجارتی سفارتی کاری تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے تحت ملائیشیا، چین، سعودی عرب، ایراق اورعمان میں ٹریڈ افسران تعینات کیے جائیں گے،یورپ میں ہنگری اور یونان کےلئے بھی تجارتی افسران کی خدمات لی جائیں گی، افریقہ میں تنزانیہ اور موزمبیق کےلئے بھی ٹریڈ افسران تجارت بڑھانے کےلئے تعینات ہوں گے، تجارتی خسارہ کم کرنے کےلئے نئی ٹیرف لائن پر بھی کام جاری ہے،ذرائع کے مطابق چین میں ٹریڈ افسران کےساتھ سپورٹ افسران کی تعیناتی بھی زیر غور ہے اسی طرح دیگرتمام اہم ممالک میں کمرشل افسران کی تقرری کی راہیں ڈھونڈی جا رہی ہیں، مالی سال 24-2023 میں برآمدات 30 ارب 60 کروڑ ڈالر رہیں، گزشتہ مالی سال پاکستان کی درآمدات 53 ارب 10 کروڑ ڈالر رہیں، اس لحاظ سے ملک کا تجارتی خسارہ 5.4 ارب ڈالرز کی کمی سے 22.5 ارب ڈالرز تک آگیا ہے، مجموعی طور پر پاکستان کی برآمدات میں 13.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اورپاکستان کی مجموعی طور پر درآمدات میں 3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے،دوسری جانب وفاقی حکومت نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر انٹرنیٹ کی بندش کے دوران ضروری خدمات کی موبائل ایپلی کیشنز فعال رکھنے کی تجویز پر غور شروع کردیا ، اقدام کا مقصد ناگزیر حالات میں حساس علاقوں میں انٹرنیٹ کی بندش کے دوران صارفین کو بنیادی ضرورتوں سے متعلق ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے، ذرائع کے مطابق حساس علاقوں میں متواتر انٹرنیٹ کی بندش سے ڈیجیٹل خدمات متاثر ہورہی ہیں جس کے حل کےلیے ضروری ایپلی کیشنز کی وائٹ لیبلنگ کی جائے گی اور وائٹ لیبل ایپلی کیشنز ان علاقوں میں بھی کام کریں گی جہاں انٹرنیٹ سیکوریٹی وجوہات کی بناءپر بند کیا گیا ہو،شمالی وزیرستان میں ڈیجیٹل پیمنٹں سلوشن کی آزمائش جاری ہے،علاقے میں انٹرنیٹ بند ہونے کے باوجود مذکورہ ڈیجیٹل پیمنٹ ایپلی کیشنز سے ٹرانزیکشنز جاری ہیں اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے منظوری ملتے ہی سہولت عام کردی جائے گی تاکہ انٹرنیٹ کی بندش کے دوران ضروری ڈیجیٹل خدمات کو جاری رکھا جاسکے،وائٹ لیبل ایپلی کیشنز میں ڈیجیٹل پیمنٹس کےساتھ، ہیلتھ کیئر، ایجوکیشن ، فوڈ ڈیلیوری اور رائڈ سروس کے ساتھ بینکوں اور مالیاتی اداروں سمیت سرکاری اداروں کی ایپلی کیشنز کو بھی شامل کیا جائے گا۔