امریکہ نے ایران پر اقتصادی پابندیاں مزید سخت کردیں

واشنگٹن:(بیورورپورٹ)امریکہ نے تیل کی فروخت سے حاصل رقم جوہری پروگرام میں استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایران پر اقتصادی پابندیاں مزید سخت کردیں،35 اداروں، شعبوں اور شخصیات پر پابندیاں فوری نافذ کی گئیں،امریکہ کی تازہ پابندیوں کا مقصد ایران کو بین الاقوامی آئل مارکیٹ سے دور رکھنا ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا 11 اکتوبر کو لگائی گئی پابندیوں کو ایران خاطر میں نہ لایا اور مسلسل خلاف ورزی جاری رکھی،سابقہ پابندی کے باوجود ایران ابھی تک اپنا تیل فروخت کرکے حاصل ہونےوالی رقم جوہری پروگرام اور بغیر پائلٹ والے ڈرون بنانے پر خرچ کر رہا ہے۔

قائم مقام نائب امریکی وزیر برائے دہشتگردی اور فنانشل انٹیلی جنس بریڈلے سمتھ نے کہاغلط سرگرمیوں اور کشتیوں کا شیڈو فلیٹ بنانے کی کوشوں کو ناکام بنائیں گے،ایران کی منفی سرگرمیوں کو روکنے کےلئے ہر ممکنہ طریقہ اور پورا اختیار استعمال کریں گے۔