نیٹو اتحاد مشرق وسطیٰ میں دفتر کھولنے کیلئے پرعزم

برسلز (مشرق نیوز) نیٹو کے نئے سربراہ نے مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال کے سلسلے میں نیٹو کے مستقبل کے اہداف کے پیش نظر اپنے نئے رجحانات اور ترجیحات کا اشارہ دے دیا ہے کہ ممکنہ طور پر نیٹو اتحاد میں شامل ملک اب مشرق وسطی میں بھی نیٹو کا دائرہ کار پھیلانے کے آرزو مند ہیں۔ اردن کے شاہ عبداللہ کی نئے نیٹو سربراہ کی دعوت پر نیٹو وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پہلی بار شرکت اس سلسلے میں اہم ہے۔نیٹو وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر نیٹو سربراہ مارک روٹے نے مشرق وسطیٰ اور افریقہ کیلئے نیٹو کا خصوصی ایجنڈا ترتیب دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نیٹو سربراہ مارک روٹے نے اجلاس کے موقع پر رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی سٹرٹیجک اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اردن مشرق وسطی میں نیٹو کے اہم ترین شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ روٹےکا کہنا تھاکہ نیٹو عمان میں اپنا ایک دفتر کھولنے جا رہا ہے۔ ہمارا یہ اقدام خطے میں ان گہرے تعلقات کی نشاندہی کریگا جو ماضی کے مقابلے کہیں زیادہ مضبوط ہوں گے۔تاہم انہوں نے واضح کیا کہ مشرق وسطیٰ اور افریقہ کی طرف نیٹو کی توسیع ہمارے جنوبی پڑوس کی طرف توسیع ہو گی۔ مگر یہ ٹرانس اٹلانٹک کو نیٹو میں لانے والی نیٹو کی شق نمبر پانچ والی نہیں ہو گی۔ انہوں نے تعاون اور اجتماعی ذمہ داریوں کے درمیان ایک لکیر کونمایاں کیا۔