کراچی (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرنا ایک تاریخی سنگ میل ہے جو ملکی معیشت میں اعتماد اور ترقی کی علامت سمجھا جاتا ہے، سٹاک مارکیٹ کی یہ ترقی ملک کی معاشی پالیسیوں کی درست سمت کی عکاسی کرتی ہے، اس سے پاکستان کا عالمی سطح پر ایک مضبوط معاشی امیج پیش کیا گیا ،پاکستان سٹاک ایکسچینج کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے 2013 کے بعد ویژن 2025 کی بات کی اور اس بات پر زور دیا کہ طویل المدتی منصوبہ بندی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بار بار سیاسی عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑا جس سے ترقی کے تسلسل کو نقصان پہنچا،سی پیک منصوبے کے ذریعے ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئی جس نے توانائی کے بحران پر قابو پانے اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے میں مدددی،احسن اقبال نے کہا ترقی کو مستحکم رکھنے کےلئے سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر توجہ دینا ناگزیر ہوگا،سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ترقی معاشی بہتری کی نوید ہے،ملک کونیا حوصلہ ملا ،پاکستان کی معاشی اور اقتصادی پالیسیاں درست سمت میں گامزن ہیں ،کامیابی سے پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی، سٹاک مارکیٹ میں ایک لاکھ پوائنٹس کی حد عبور کر کے دنیا کو پاکستان کی اصل طاقت دکھا دی۔
سٹاک ایکسچینج میں انڈیکس کالاکھ پوائنٹس عبور کرنا تاریخی سنگ میل ہے:احسن اقبال
















