صوبے میں صنعتی مراکز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا پروگرام جاری ہے:شافع حسین

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور چیئرمین پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت منتہی اشرف کی زیر صدارت بورڈ کا 47واں اجلاس منعقد ہوا۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں6 نکاتی ایجنڈے پر غور ہوا،سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احسان بھٹہ ،صدر ایوان صنعت وتجارت لاہور میاں ابوذرشاداور بورڈ ڈائریکٹرز نے اجلاس میں شرکت کی۔سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن نے بورڈ کی کارکردگی ،ورکنگ اور آئندہ 6ماہ کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔بورڈ اجلاس میں آڈٹ کمیٹی ،رسک مینجمنٹ کمیٹی ،ہیومن ریسورس کمیٹی سمیت 7کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے سی ای او کی تقرری اور دیگر معاملات کے حوالے سے کمیٹی دو ہفتوں میں سفارشات کو حتمی شکل دیگی۔ بورڈ نے 46ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق بھی کی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کو کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا ہے ، پنجاب کے 18سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،مزید 7 نئے سپیشل اکنامک زونز بن رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بزنس فسیلی ٹیشن سینٹرز کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں معاون ثابت ہورہے ہیں، مزید 4 بزنس فسیلی ٹیشن سینٹرز بنائے جارہے ہیں۔ صنعتکاروں کے مسائل کے فوری حل کیلئے پنجاب چیمبرز آف کامرس اینڈ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا فورم موجود ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صنعتی مراکز کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا پروگرام جاری ہے، غیرممالک کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔چیئرمین بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت منتہی اشرف نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتکاروں کو سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے،بورڈ اب تک 6.9ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانے میں سہولت کاری کرچکا ہے۔بزنس فسیلی ٹیشن سینٹرز سے مختلف کاروباری سرگرمیوں کیلئے اب تک 27ہزار این او سی جاری ہوچکے ہیں۔میڈم رابعہ ضیاء،مسعود انور ،عابدشیرانی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔