لاہور (خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں خود ساختہ مہنگائی کاسونامی کنٹرول سے باہر ہو گیا، جبکہ عوامی مشکلات کی دعویدار ضلعی انتظامیہ نے عوام کو لٹیروں کے ہاتھوں لٹنے کیلئے لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ حالانکہ ضلعی حکومت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی فوج ظفر موج پر بھاری مالی وسائل خرچ کر رہی ہے مگر اس کے باوجود نہ تو ناجائز منافع خوروںکو نکیل ڈالی جاسکی ہے اورنہ ہی سرکاری نرخ نامے کا صحیح معنوں میںاطلاق ممکن ہو سکا ہے۔معلوم ہواہے کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے پرائیویٹ یا غیر متعلقہ سرکاری اہلکار رکھے ہوئے ہیں جن سے پرائس چیکنگ کرائی جارہی ہے، غیر متعلقہ اہلکار پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو طے شدہ دیہاڑی اداکرنے کے بعد خود کیلئے بھی مال اکٹھا کرتے ہیں تاہم اس دونمبری کامتعلقہ تھانے کو علم ہونے کے بعد تھانہ انتظامیہ بھی برابر کا حصہ داربننے کیلئے میدان عمل میں ٹپک پڑا ہے اوراوورچارجنگ پر دکانداروں کے خلاف جمع کرائے جانے والے استغاثے پر پولیس الگ سے دیہاڑی لگارہی ہے۔ معلوم ہواہے کہ استغاثوں پر پولیس پارٹی اپنی مرضی کا فیصلہ کرتی ہے اورپرائس مجسٹریٹس کو اعتماد میں لئے بغیر خود ڈیل کرلیتی ہے، جس کیس میں ڈیل نہ ہووہ وہاں ایف آئی آردے کر معاملہ جوڈیشل کردیتی ہے، یہی وجہ ہے کہ تین تین جگہ پر پیسے اداکرنے کے بعد دکاندار دلیر ہو جاتاہے اورسرکاری نرخ ناموں پر عمل کرنے کی بجائے من مرضی کے ریٹ وصول کرکے عوام کی پریشانی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔دوسری جانب پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی اضافی ذمہ داریاں حاصل کرنے کے لئے سرکاری اہلکار بھاری رشوت اداکرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ نئے ڈی سی لاہور موسیٰ رضا کو چاہیے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کڑی مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع کرنے کے ساتھ ساتھ فیلڈ وزٹ کو بھی یقینی بنائیںاورڈی سی ریٹ کے حقیقی ثمرات عوام تک پہنچانے میں اپنا اہم کردار اداکریں۔
ضلعی انتظامیہ کی بے حسی برقرار، خودساختہ مہنگائی کا سونامی بے قابو، عوام لٹیروں کے رحم و کرم پر
















