اشیاءخورونوش کی ناجائز منافع خوری جاری، ضلعی انتظامیہ جامع پالیسی بنانے میں مکمل ناکام

لاہور(خبرنگار)شہر بھر میں اشیاءخورونوش پر ناجائز منافع خوری کو روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ تاحال کوئی بھی جامع پالیسی ترتیب دینے میں ناکام ہے، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی اخلاقی وپیشہ وارانہ تربیت کا فقدان پیدا ہونے سے عوامی مسائل بڑھنے لگے۔ مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف پہنچانے میں پرائس مجسٹریٹس کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے ورکشاپس کا انعقاد ناگزیر صورتحال اختیار کر گیا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ اس حقیقت سے نظریں چرارہی ہے جس کے باعث اس وقت متعددایسے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مارکیٹ میں آچکے ہیں جنہیں پرائس چیکنگ کا کوئی تجربہ نہیں اور تگڑی سفارشوں کے ذریعے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی اضافی ذمہ داریاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ذرائع نے بتایاہے کہ اکثر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ٹھیکے پر پرائیویٹ وسرکاری بندے رکھے ہوئے ہیں جوناجائز منافع خوری پر قابوپانے کی بجائے اس میں مزید اضافے کا باعث بن چکے ہیں۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے ٹھیکے داروں کے ذریعے پرائس چیکنگ کے نام پر بھاری جرمانے اورسزاﺅں سے خوفزدہ کرکے دیہاڑیاں لگارہے ہیںتاہم اسکے بعد متعلقہ تھانہ بھی پیچھے نہیں رہتا اوراپنا حصہ بقدر جثہ وصول کرنے کیلئے کمرکس لیتاہے جس کے بعد متعلقہ دکانداردونوں محکموں کو رشوت اداکرکے مزید دلیر ہوکر ناجائز منافع کمانے میں جت جاتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ابھی تک شہر سے ناجائز منافع خوری تو ختم نہ ہو سکی البتہ جرمانوں کے ذریعے ڈپٹی کمشنر سے داد وصول کرتے نظر آتے ہیںجس کے بعد ضلعی حکومت پرائس چیکنگ کے دقیانوسی سسٹم کو تبدیل کرکے جدید تقاضوں پر استوار کرنے میں سنجیدگی سے کام نہیں لے رہی ہے۔