لاہور چیمبر کا سالانہ اجلاس عام، نومنتخب صدر میاں ابوذر شاد سمیت دیگر نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے نومنتخب صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے سالانہ اجلاس عام کے موقع پر اپنے عہدوں کا حلف اٹھاتے ہوئے کاروباری برادری کی فلاح و بہبود اور معیشت کی ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے سابق صدور اور سینئر گروپ لیڈرز میاں انجم نثار، محمد علی میاں ، سبکدوش ہونیوالے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری، نائب صدر عدنان خالد بٹ، فہیم الرحمن سہگل، علی حسام اصغر، خواجہ شاہ زیب اکرم، الیکشن کمیشن نصراللہ مغل نے اس موقع پر خطاب کیا۔ نومنتخب صدر میاں ابوذر شاد نے اپنی 28سالہ جدوجہد کا خلاصہ بیان کرتے ہوئے لاہور چیمبر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 32سیٹوں پر فتح کو ایک بڑا سنگ میل قرار دیا اور کاروباری برادری کے مسائل حل اور ملکی معیشت کی بہتری کیلئے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سابق صدور اور گروپ لیڈرز میاں انجم نثار اور محمد علی میاں کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی نے ہمیشہ آگے بڑھنے اور کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے میں مدد دی ہے۔ انہوں نے فہیم الرحمن سہگل، خواجہ شاہ زیب اکرم ،علی حصام اصغر، بابر محمود اور دیگر تاجررہنماﺅں کی حمایت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ لاہور چیمبر کے نومنتخب صدر میاں ابوذر شاد نے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقتصادی اقدامات ، بالخصوص خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کو معیشت کے استحکام کیلئے ایک اہم اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے انفراسٹرکچر میں بہتری، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور معیشت کی بحالی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت معیشت اپنے ٹریک پر آرہی ہے۔ انہوں نے پالیسی سازی کے عمل میں کاروباری برادری کی شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے معیشت کے لئے مثبت اقدامات کی روشنی میں آئی ایم ایف نے بھی اس حوالے سے حکومت کی کاوشوں کو بہت سراہا ہے جس کی بنا پر پاکستان کومنظور کئے گئے 7 ارب ڈالرز میں سے1.03 بلین ڈالر کی رقم بھی موصول ہوگئی ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور وزیرمملکت علی پرویز ملک کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں انجم نثار اور محمد علی میاں نے تاریخی کامیابی پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر کی تمام قیادت صنعت و تجارت کی بہتری اور معیشت کی خوشحالی کے لیے پرعزم ہے۔ میاں ابوذر شاد نے بتایا کہ جنوری 2023 کے مقابلے میں ستمبر 2024 میںمہنگائی کا تناسب 38 فیصد سے کم ہو کر 9.6 فیصد اور پالیسی ریٹ 22% سے کم ہوکر17.5% ہوگیا ہے جسے سنگل ڈیجٹ پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔ ہماری جی ڈی پی گروتھ منفی0.29% سے 2.4% ہونا خوش آئند ہے، اسے 3.5% تک بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لارج سکیل مینوفیکچرنگ میں ترقی کی شرح منفی 5.4% تھی جو اب 2.4% ہوگئی ہے۔ ہمارے فارن ایکسچینج کے ذخائر بھی بہتر ہو رہے ہیں اور ڈالر کی قدر بھی استحکام کی طرف گامزن ہے ۔ انہوں نے تمام معاملات مذاکرات اور پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی یقینی بنانا سب کا فرض اولین ہے۔ انہوں نے حکومت کے ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ٹیکس نیٹ نہیں بڑھے گا اس وقت تک موجودہ ٹیکس کنندگان پر بوجھ کم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے ممبران پر زور دیا کہ وہ ٹیکس کے حوالے سے تجاویز لاہور چیمبر کو بھجوائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چھوٹے تاجروں کیلئے ٹیکس سسٹم اور ڈاکومنٹیشن انتہائی آسان بنائے کیونکہ وہ کاروباری حالات اور مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایف بی آر کو ڈیجیٹائز کرنے کے فیصلے کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں، اس سے ہراسمنٹ اور صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال دونوں کا ہی خاتمہ ہوجائے گا، نئے ٹیکس دہندگان ٹیکس نیٹ میں آئیں گے اور ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوگا۔ میاں ابوذر شاد نے کہا کہ حکومت کو زیادہ کاروباری لاگت کو کنٹرول، بجلی کے نرخ کم اور ایکسپورٹ بڑھانے جیسے اقدامات فوری طور پر اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام معاشی استحکام کیلئے بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر حکومت اور نجی شعبہ کے درمیان پل کا کردار ادا کریگا ۔ انہوں نے میاں نثار الٰہی مرحوم، شیخ ریاض مرحوم اور محمد اکرم مرحوم کو خصوصی الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ نومنتخب سینئر نائب صدر انجینئرخالد عثمان نے کہا کہ ہم حکومت وقت کے ایوانوں میں کاروباری برادری کے حقوق کی آواز بلند کریں گے۔ تمام کاروباری برادری کے لئے ہر اوّل دستہ بنیں گے۔ تاجر برادری کیلئے انکے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کیلئے خدمات کا سلسلہ مثالی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ کی جدوجہد کا نتیجہ آج برآمد ہوا ہے۔ جو وعدے کیے ہیں انہیں پورا کیا جائے گا۔ نومنتخب نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے تمام قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری ہمت ، قوت اور ایمانداری سے نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے وسائل ممبران کی ترقی اور خوشحالی کیلئے استعمال کیے جائیں گے۔ سبکدوش ہونے والے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے دوسالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔ قبل ازیں، الیکشن کمیشن نصراللہ مغل نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن کے حتمی نتائج کا اعلان کیا۔