لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی معروف اداکارہ حرا خان نے کاسٹنگ فراڈ کا اپنا تجربہ بیان کر کے نئے آنے والے فنکاروں کو ہوشیار کر دیا۔ اداکارہ کا نجی میگزین کے کو دئیے گئے انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ ان دنوں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہے۔ وائرل کلپ میں اداکارہ نے کسی کا نام لئے بغیر آڈیشن کے نام پر ہونے والے دھوکے کا قصہ سنایا اور بتایا کہ کس طرح انڈسٹری کے تجربے کار فنکار نے انہیں جعلی آڈیشن کیلئے تجویز کیا اور پھر انڈسٹری کے ایک اور ہدایت کار نے انہیں اس دھوکے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں ڈرامہ سیریل ”میرے ہمسفر“ کی ریکارڈنگ کروا رہی تھی ، اس وقت ایک ساتھی فنکار، جن سے سیٹ پر ملاقات ہوئی تھی، نے ایک ہدایت کار کا نمبر دیا اور کہا کہ انہیں نئے پروجیکٹ کیلئے لڑکی چاہئے، ان سے رابطہ کر لو۔ اداکارہ نے بتایا کہ ساتھی فنکار کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے میں نے مذکورہ ہدایت کار کو فون کیا تو انہوں نے مجھے سے میرے کام کے بارے میں پوچھنے کے بجائے میری تصاویر مانگیں اور آڈیشن کیلئے بلا لیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں نے ان سے سہ پہر کا وقت مقرر کرنے کا کہا تو انہوں نے مجھے رات 11 بجے بلایا۔ حرا خان نے بتایا کہ مذکورہ ہدایت کار نے مجھے کہا کہ آپ کا سکرین ٹیسٹ ہو گا اور اسی کی بنیاد پر منتخب کیا جائیگا، سکرین ٹیسٹ کیلئے آپ کو بولڈ لباس زیب تن کرنا ہو گا اور کہا کہ آپ کا آڈیشن خفیہ رکھا جائیگا، جسے صرف پروڈیوسرز دیکھیں گے۔ اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ ہدایت کار کی باتیں سن کر شک ہوا تو انڈسٹری کے ایک اور ہدایت کار کو فون کیا اور معلوم کیا کہ کیا اس طرح بھی آڈیشنز ہوتے ہیں تو انہوں نے بتایا کہ ایسا نہیں ہوتا، یہ ضرور دھوکہ ہوگا۔
آڈیشن کیلئے رات 11 بجے بلا کر بولڈ لباس پہننے کا کہا گیا: حرا خان

















