اسلام آباد: (بیورورپورٹ) اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے عمران خان پاک اسرائیل تعلقات قائم کرنے کیلئے موزوں شخص ہیں، بانی پی ٹی آئی نے گولڈ سمتھ فیملی کے ذریعے اسرائیلی حکام کو پیغامات بھیجے، پیغامات میں پاک اسرائیل تعلقات معمول پر لانے کا اشارہ دیا گیا۔
اخبار میں شائع کالم کے مطابق پاکستان طویل عرصے سے فلسطینیوں کی تحریک آزادی کا دیگر اسلامی ممالک کے مقابلے میں مضبوط ترین حامی رہا ،جڑیں پاکستانی معاشرے و آئین میں رچی بسی ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر فلسطینیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کی۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق بطور وزیراعظم عمران خان نے عوامی سطح پر بارہا فلسطین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ،اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صیہونی ریاست کے پاکستان کےساتھ تعلقات معمول پر آنے کے نظرئیے کی مخالفت کی اور کہا جب تک فلسطین کا معاملہ حل نہیں ہوتا تو پاکستان ،اسرائیل کے تعلقات بحال نہیں ہو سکتے۔
آرٹیکل میں کہا گیا بانی پی ٹی آئی کے گولڈ سمتھ فیملی سے رشتے داری خاص طور پر جمائمہ گولڈ سمتھ سے ازدواجی تعلق حقیقت ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کی موجودہ نوعیت کو بدل سکتے ہیں،پی ٹی آئی کے مدت اقتدار میں خارجہ تعلقات میں عملی نقطہ نظر کو اپنایا گیا،عمران خان اسرائیل پر پاکستانی مو¿قف پر نظرثانی کےلئے زیادہ کھلے ہو سکتے ہیں، اسرائیل و اتحادیوں کو یقینی بنانا چاہیے بانی پی ٹی آئی کو پاکستانی سیاست میں حصہ لینے کی آزادی حاصل ہو۔
اسرائیلی بلاگراینور بشیروا نے کہا بانی پی ٹی آئی کے تعلقات اور منفرد سوچ پاک اسرائیل تعلقات میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، عمران خان میں مغرب و اسلامی دنیا میں فاصلے کم کرنے کی صلاحیت ہے،عمران خان کو دوبارہ سیاست میں حصہ لینے کیلئے فری ہینڈ دیا جائے۔
عمران پاک اسرائیل تعلقات قائم کرنے کیلئے موزوں شخص ہیں:اسرائیلی اخبار
















