لاہور (نوید چودھری) کمزور انتظامی کنٹرول اور خراب مالیاتی نظم ضبط کی وجہ سے بلدیہ عظمیٰ لاہور کا خزانہ غیر محفوظ صورتحال سے دوچار ہے۔ مالی سال 2022-23 کی آڈٹ رپورٹ نے مویشی منڈیوں کے عارضی سیل پوائنٹس اور روڈ کمپین کے حوالے سے مختلف مقامات پر لگائے گئے فلیکس اور اسٹریمرز کی مد میں 5 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد کے شاہانہ اخراجات کا پردہ چاک کر کے رکھ دیا ہے، رپورٹ کے مطابق ایم سی ایل کے شعبہ ریگولیشن کی نگرانی میں شہر کے متفرق پوائنٹس پر 12209 فلیکس اور بینرز آویزاں کئے گئے، رپورٹ کے مطابق یہ تمام کام صرف دو کمپنیوں کو ایوارڈ کیا گیا، جس کے مطابق ذیشان انٹرپرائزز نے مجموعی طور پر 6039 فلیکسز کے عوض ایک کروڑ 86 لاکھ 63 ہزار روپے سے زائد وصول کئے جبکہ دوسری سٹی گرافکس نے 6170 فلیکسزاور بینرز کے تحت 3 کروڑ 30 لاکھ 68 ہزار روپے سے زائد وصول کئے، البتہ اس حوالے سے ایم سی ایل کے سٹاک رجسٹروں میں نہ تو سامان کی انٹری اور کھپت کا کوئی ریکارڈ موجود ہے اور نہ ہی سامان کی واپسی سے متعلق کوئی ثبوت میسر ہیں، الٹا مختلف سائز کے فلیکسز اور اسٹریمرز پر لگے ہوئے لوہے کے فریم کی نیلامی کے ذریعے ایم سی ایل کو حاصل ہونے والی 33 لاکھ روپے سے زائد کی آمدن سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ یہاں حیران کن اور قابل تشویش بات یہ ہے کہ مذکورہ بالا ٹھیکیداروں کو ادا کی گئی پیمنٹ میں سے 58 لاکھ 32 ہزار روپے ایسے بھی تھے جن کا آڈٹ ٹیم کو کوئی قانونی جواز نہیں ملا تاہم دستیاب ریکارڈ کے مطابق مزکورہ ادائیگی ایڈمنسٹریٹر کی منظوری کے بغیر کی گئی تھی جسے بندر بانٹ کیلئے استعمال کئے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
کمزور انتظامی کنٹرول، خراب مالیاتی ڈسپلن، بلدیہ عظمیٰ لاہور کا خزانہ غیر محفوظ صورتحال سے دوچار
















