پاکستان ہم سب کا، ترقی و خوشحالی کیلئے ملکر کردار ادا کرنا ہوگا: فیصل کریم کنڈی

لاہور (کامرس رپورٹر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان پوٹینشل اور وسائل سے مالامال ہے، یہ ملک کسی ایک کا نہیں بلکہ ہم سب کا ہے ، اس کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہم سب کو ملکر کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے صنعت و تجارت، معیشت، آئی پی پیز اور سیاحت سمیت دیگر معاملات پر تفصیل سے اظہار کیا۔ سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری ، ایگزیکٹو کمیٹی رکن فریحہ یونس و دیگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور زراعت دوایسے شعبے ہیں جو ملک کو ترقی کی طرف لے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس اور آئی پی پیز کے مسائل سنگین ہیں، پنجاب میں صورتحال بہتر مگر خیبرپختونخوا میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ گورنر کے پی کے نے کہا کہ بدقسمتی سے ہائیڈل کو نظر انداز کرکے ہمیشہ شارٹ ریلیف پر توجہ دی گئی ۔ تربیلا کے بعد کوئی بڑا ڈیم نہیں بنایا گیا۔ ہائیڈل پراجیکٹس پر وقت لگتا ہے جبکہ عوامی پریشر ہوتا ہے کہ مسئلہ فوری حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں آواز اٹھتی ہے کہ سب سے سستی بجلی وہ پیدا کرتے ہیں، اگر پیداوار کا آدھا حصہ بھی کے پی کے کو دیا جائے تو لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل جائیگا۔ ملک میں 90ہزار تیل کی پیداوار کا 50ہزار بیرل اور سب سے زیادہ گیس کے پی کے میں پیدا ہوتے ہیں مگر وہاں گیس کی لوڈشیڈنگ بھی ہوتی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ ملکی معیشت جن حالات کا شکار ہے اس میں کاروبار چلانا بے حد مشکل ہو گیا ہے ۔اِس وقت ہماری انڈسٹری کو روپے کی قدر میں کمی، بجلی ،گیس اور فیول کے بڑھتے ہوئے ٹیرف،بلند پالیسی ریٹ، ، بندانڈسٹریز پر MDI چارجز کا اطلاق ، بجلی کے بلوں کی ایڈوانس ریڈنگ ، L/Cs کا نہ کھلنااور ٹیکسوں کی بھرمار جیسے بہت سے مسائل کا سامنا ہے جس سے کاروبار کرنے کی لاگت میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس صورتحال میں کاروبار کو جاری رکھنا مشکل سے مشکل ترین ہوتا جا رہا ہے اور کاروبار بند ہو رہے ہیں۔ کاروباری برادری کے لئے پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے۔ گورنر کے پی کے نے کہا کہ سولر عوام کی پہنچ میں لایا جائے۔ انہوں نے کاشف انور کی اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ جب تک ٹیکس نیٹ صحیح نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دوشنبے کے دورہ کے دوران وہاں کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تو انہوں نے کہا کہ یہاں انڈسٹری کو بجلی 2سینٹ فی یونٹ اور دیگر سہولیات دی جاتی ہیں، کیا پاکستان میں بھی انہیں یہ سہولیات ملیں گی؟لاہور چیمبر کے صدر کاشف انو رکی جانب سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر اٹھائے گئے نکتے پر گورنر کے پی کے نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات ضروری ہیں کیونکہ یہ پاکستان کی وسطی ایشیاءتک رسائی کا ذریعہ ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کے لئے اخراجات کو کم کرنا سب سے زیادہ ضروری ہے۔جہاں ہم یہ بات کرتے ہیں کہ ہماری آمدنی ،ہماری برآمدات ، ملک میں سرمایہ کاری اور بیرون ملک سے ترسیلات زر میں اضافہ ہونا چاہیے تو ہمیں اپنے اخراجات میں بھی کمی کرنی ہو گی۔ میں اس بات کی نشاندہی کرنا چاہوں گا کہ ہم ٹیکس پیئرز کے پیسے کا سالانہ اربوں روپے بجلی کی پیداوار کے لئے IPPsکوکپیسٹی چارجز کی مد میں ادا کرتے ہیں جوکہ پاکستانی عوام کے ساتھ سراسر نا انصافی اور زیادتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم آئی پی پیز کی اس سوچ پر پیسہ دیتے ہیں کہ وہ اتنی بجلی پیدا کریں گے جو وہ کرتے نہیں۔ ہمارا پُر زور مطالبہ ہے کہIPPsکے ساتھ کئے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے۔ملک و معیشت کے بہتر مفاد میں ان معاہدوں پر دوبارہ بات چیت کی جائے اور جو معاہدے ختم ہورہے ہیں وہ دوبارہ نہ کیے جائیں۔ یہ ایک قومی جرم ہے اور اس کے بارے میں ہماری وفاقی و صوبائی حکومتوں کو جلد از جلد فیصلہ کرنا چاہیے۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ خیبر پختونخواہ ،سیاحت کے اعتبار سے اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتا۔ ہمارے ملک کے زیادہ تر سیاحتی مقامات کے پی کے میں ہیں۔ٹورازم کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ سیاحوں کے لیے سیکورٹی ،ہوٹل اور دیگر سہولیات کو بہتربنایا جائے۔ہمیں بیرونی دنیا میں پاکستان کی ساکھ کو بہتر بنانا ہوگا اور اپنے ملک کی ساکھ بہتر کرنا ہوگی۔ ہمیں مقامی سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کرنا چاہئے تاکہ بیرونی سرمایہ کار بھی ٹورازم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لیں۔ اس کے علاوہ جیمز اینڈ جیولری سیکٹر میں بھی بہت پوٹینشل ہے جس کے ذریعے ہم بے پناہ زرِ مبادلہ کما سکتے ہیں۔اس کے لئے ہمیں ویلیو ایڈیشن پر بھی توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کا جتنا پوٹینشل خیبرپختونخوا میں ہے اتنا اور کہیں نہیں، صوبائی حکومت سیاحت کے شعبہ کو اتنی سہولیات نہیں دے پارہی جتنی دینی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے معدنیات سے مالامال ہے مگر جب تک سکیورٹی نہیں دیں گے تب تک سرمایہ کار نہیں آئے گا، کے پی کے میں سب سے زیادہ یوتھ ہیں، ان کی مدد سے سافٹ امیج بہتر کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر کی جانب سے چارٹر آف اکانومی اور پالیسیوں میں تسلسل کے مطالبات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ 93لاکھ خواتین بے نظیر انکم سپورٹ فنڈ سے مستفید ہورہی ہیں۔ ووکیشنل ٹریننگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں مہنگائی، معاشی مسائل اور دہشتگردی کا سامنا کررہے ہیں، بہت سے ایریاز میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ مختلف SROsکی وجہ سے موجودہ ٹیکس پیئرز کے مسائل میں بے حد اضافہ ہوگیا ہے۔پالیسیاں انہی کے لئے بن رہی ہیں جو ٹیکس نیٹ میںپہلے سے ہی موجود ہیںاور وہ آڈٹس، پنیلٹیز، ریفنڈز کے نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہیں۔ مہنگائی کو کنڑول کرنا اب ناگزیر ہوچکا ہے ، ملک میں بے روز گاری میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔ سہولیات کے فقدان کی وجہ سے انڈسٹری ملک سے باہر شفٹ ہو رہی ہے اور سب سے زیادہ لمحہ فکریہ یہ ہے کہ ملک سے برین ڈرین میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی ہمیشہ سے ٹیکس نیٹ کی وسعت کا حامی ہے اوراس حوالے سے حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔ جب تک ٹیکس بیس نہیں بڑھے گا اور تمام لوگ اپنے اپنے حصے کا ٹیکس ادا نہیں کریں گے تب تک ہم اپنی اکانومی کو مضبوط نہیں کر سکتے۔ مگر ہمارا یہ بھی مطالبہ ہے کہ موجودہ ٹیکس پیئرز پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے ، ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیںاور ان کو عزت دی جائے تاکہ نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں آنے کی ترغیب ملے۔ اسی سلسلے میںہم نے لاہورچیمبر میں اپنے پہلے سال کو Business Facilitation Year Declareکیا اور ٹیکس کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کےلئے ہم مسلسل اقدامات کر رہے ہیں اور باقاعدگی سے آگاہی سیشنز اور سیمینارز منعقد کر وارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہم لاہور چیمبر ہفتہ وار بنیاد پر ٹیکس اور ایس ای سی پی کلینکس منعقد کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ، بڑھتی ہوئی مہنگائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم نے مختلف طبی اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے درآمدات کے متبادل کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کیلئے انڈسٹری کوسستی بجلی اور گیس دینی ہوگی تاکہ پیداواری لاگت میں کمی لائی جاسکے کیونکہ اس کے بغیر ایکسپورٹس کونہیں بڑھا سکتے ۔ اس حوالے سے IT سیکٹر بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے ۔اگر ہم سازگار پالیسیاں متعارف کرائیں توہمارے Software Houses اور IT Freelancers پاکستان میں بہت زیادہ زرِ مبادلہ لاسکتے ہیں۔ حکومت کو دیکھنا چاہئے کہ اسٹیٹ بینک کی کئی پالیسیوں کی وجہ سے اس سیکٹر کے کاروباری حضرات اپنی Foreign Currency Income کا 80% ملک سے باہر ہی رکھتے ہیں۔ انہوں نے گرین انرجی اور سولر انرجی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ نیٹ میٹرنگ کے ریٹ کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے معیشت اور عوام دونوں متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات سے فائدہ اٹھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ کاشف انور نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور سمگلنگ کی وجہ سے پاکستانی معیشت کو ہونے والے نقصان کا ذکر کرتے ہوئے یہ مسائل حل کرنے پر زور دیا۔ کاشف انور نے ملک میں قیام امن کیلئے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر چارٹر آف اکانومی پر دستخط کریں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور چیمبر وومن ایمپاورمنٹ کیلئے بہت سے اقدامات اٹھارہا ہے، اس سلسلے میں ایگزیکٹو کمیٹی رکن فریحہ یونس کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کا تعلق کسی بھی سیاسی پارٹی سے نہیں ہوتاکیونکہ ان کا سارا فوکس اپنے کاروبار کو جاری وساری رکھنے پر ہوتا ہے اور ان کی سیاسی پارٹی ملک کی معیشت ہوتی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور میں روٹی ،کپڑا اور مکان کلیدی حیثیت رکھتا ہے لیکن موجود ہ حالات میں پاکستانی عوام روٹی ،کپڑے اور مکان جیسی بنیادی ضروریات کا حصول بھی ناممکن ہوچکا ہے۔