اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی( پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے وفاقی سیکرٹری( پاور ڈویژن) ڈاکٹر فخر عالم عرفان اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی آئیسکو کا دورہ کیا۔اس موقع پرچیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز آئیسکو ڈاکٹر طاہر مسعود نے وفاقی وزیر توانائی( پاور ڈویژن) کو آئیسکو کے انتظامی اور آپریشنل اُمور کے بارے میں مکمل بریفنگ دی۔دورے کے موقع پر وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور منسٹری آف انرجی پاور ڈویژن بجلی چوروں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف زیرو ٹاولرنس پالیسی پر یقین رکھتے ہیں اور اس کیساتھ ساتھ گورنمنٹ اور پرائیویٹ صارفین سے واجبات کی سو فیصد ریکوری بھی یقینی بنائی جائے اور اس سلسلے میں آئیسکو کو حکومت پاکستان، وزارت توانائی اور لا انفورسمنٹ اداروں کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹیو آئیسکو محمد نعیم جان کو ہدایت دیں کہ حکومت پنجاب کی جانب سے گھریلو صارفین کو 14 روپے فی یونٹ فراہم کردہ ریلیف فوری طور پر صارفین تک پہنچائیں اور اس سلسلے میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گے اور شفافیت یقینی بنانے کےلئے ریلیف کے اس عمل کی مکمل مانیٹرنگ کی جائیگی۔سردار اویس احمد خان لغاری کا مزید کہنا تھا کہ صارفین کسی بھی ادارے کا بیش قیمت سرمایہ ہوتے ہیں اورہم نے صارفین کو معیاری اور بروقت سروسز کی فراہمی، بر وقت اور درست میٹر ریڈنگ، بلوں کی بروقت ترسیل ہر صورت یقینی بنانی ہے۔ انہوں نے کہا کے پاور سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے بجلی چوری کے مکمل خاتمے کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ مہنگی بجلی کے حوالے سے اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ معزز صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی کے حوالے سے تمام تر اقدامات کر رہے ہیں اور جلد صارفین کو مزید اچھی خبر دیں گے۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز آئیسکو ڈاکٹر طاہر مسعود نے وفاقی وزیر کو یقین دہانی کروائی کہ آئیسکو دیے گئے ٹارگٹ کے حصول کو ہر صورت ممکن بنائے گی۔ میٹنگ میں دیگر آئیسکو بورڈ ممبران اور آئیسکو کی سینئر مینجمنٹ نے شرکت کی۔
صارفین کو سستی بجلی کی فراہمی کے حوالے سے تمام تر اقدامات کر رہے ہیں : اویس لغاری
















