چین سرمایہ کار گروپ کو الیکٹرک بائیکس پلانٹ کیلئے تمام سہولیات دینگے: چوہدری شافع

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کے بڑے سرمایہ کار گروپ نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹیکنیکل ایجوکیشن،آئی ٹی سیکٹر اور الیکٹرک بزنس میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔چین کے سرمایہ کار گروپ نے پنجاب میں الیکٹرک بائیکس کا پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے حکومت الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دینے میں سنجیدہ ہے۔حکومت یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباءکو 10 ہزار الیکٹرک بائیکس دے رہی ہے۔چین کا سرمایہ کار گروپ الیکٹرک بائیکس کا پلانٹ لگائے، ہرممکن سہولت دیں گے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب کے صنعتی مراکز میں بہترین صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے۔سپیشل اکنامک زونزز میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چین کے سرمایہ کار گروپ کی الیکٹرک سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ پنجاب حکومت سولر انرجی کے فروغ کیلئے بھی کوشاں ہے۔ہماری کوشش ہے کہ پنجاب میں اسی سال سولر پینلز مینوفیکچرنگ کا کارخانہ لگے۔انڈسٹریل سٹیٹس کو بھی سولر انرجی پر منتقل کیا جارہا ہے۔پاکستان اور چین کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کیلئے تیزی سے اقدامات کی ضرورت ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ حکومت نے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے معیار کی بہتری اور ٹیوٹا اداروں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا ہے۔چین کی کمپنی کے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ میں تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔سی ای او ا ای گو کمپنی نائکو چن نے کہاکہ ہمارا گروپ الیکٹرک بزنس میں مقامی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کا خواہاں ہے۔ہماری کمپنی پنجاب میں الیکٹرک بائیکس کا پلانٹ لگانے کے ساتھ چارجنگ سٹیشن بھی بنائے گی۔ چین کے سرمایہ کار گروپ نے ریسرچ سینٹر کے قیام کے لئے 6کنال اراضی کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔ملاقات میں مختلف چینی کمپنیوں کے حکام اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے افسران بھی موجود تھے۔