اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومت نئے چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی کیلئے کوئی فیصلہ نہیں کر پا رہی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نجی شعبے کے متعدد افراد سے ملاقات کر چکے ہیں، نجی شعبے سے چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کا معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا۔
وزیراعظم ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسر کو ایف بی آر چیئرمین تعینات کرنا چاہتے ہیں جبکہ پی اے ایس افسر کو تعینات کرنے پر ایف بی آر افسران مزاحمت کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو ایف بی آر سروس کے گریڈ 21 اور 22 کے افسران کی فہرست فراہم کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین ایف بی آر امجد زبیر ٹوانہ نے ریٹائرمنٹ قبل از وقت کی درخواست دی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے امجد زبیر کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواست کا نوٹس لیا ہے۔ قائمہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ وہ چیئرمین ایف بی آر کی ریٹائرمنٹ کے اصل حقائق جاننا چاہتی ہے۔
نئے چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی، حکومت فیصلہ کرنے میں شش و پنج کا شکار
















