بنگلہ دیشی پارلیمنٹ تحلیل،فوج میں اکھاڑ پچھاڑ،انٹیلی جنس چیف برطرف،حسینہ کاامریکی ویزہ منسوخ

ڈھاکہ،نئی دہلی،واشنگٹن،لندن:(مشرق نیوز)بنگلہ دیشی پارلیمنٹ تحلیل، خالدہ ضیارہا،فوج میں وسیع اکھاڑ پچھاڑ،انٹیلی جنس چیف برطرف،عوامی لیگ کے رہنما کا ہوٹل نذر آتش، 24 افراد ہلاک، اموات 400 تک جاپہنچیں،کرفیو ختم،تعلیمی ادارے کھل گئے۔

جماعت اسلامی ،بی این پی کے برسوں سے لاپتہ متعدد رہنما بازیاب،سینکڑوں کارکنوں کی ضمانت منظور،رہائی کاحکم،ڈھاکہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی،3سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا،طلبہ تحریک نے عبوری حکومت کاخاکہ پیش کرکے نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر یونس کانام دےدیا،شیخ حسینہ واجد کی مشکلات میں اضافہ،امریکی ویزہ منسوخ،برطانیہ کی سیاسی پناہ دینے سے معذرت،بھارت میں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

طلبہ تحریک کے رہنماﺅں کی دھمکی کے بعد صدر شہاب الدین نے پارلیمنٹ کوتحلیل کیا، طلبہ نے ڈیڈ لائن دیتے ہوئے واضح کیا تھاپارلیمنٹ تحلیل نہ ہونے اوردئیے گئے ناموں پر مشتمل عبوری حکومت نہ بنائی گئی تو سخت اقدام اٹھائیں گے،احتجاجی طلبہ نے عبوری حکومت کےلئے نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر یونس کا نام دےدیا،ڈاکٹر یونس نے بھی عبوری حکومت کی سربراہی کرنے کی حامی بھر لی ۔

انٹرویو میں ڈاکٹر یونس نے کہا ملک میں جاری تشدد کے بعد شیخ حسینہ واجد کے خاتمے سے بنگلہ دیش اب آزاد ملک ہے،حسینہ واجد مقبوضہ فورس، ڈکٹیٹر اور فوجی جنرل کی طرح رویہ رکھتی تھیں اب ہر شہری خود کو آزاد محسوس کررہا ہے،مظاہرین کی جانب سے تشدد اور احتجاج شیخ حسینہ کےخلاف غصے کا اظہار تھا،حکومت کا تختہ الٹنے والے یہی نوجوان اب ملک کو درست سمت کی طرف لےکر جائیں گے اور سربراہی کریں گے۔

دوسری جانب برسوں سے جیلوں میں قید اپوزیشن رہنماو¿ں کی رہائی کا عمل شروع ہوگیا،بنگلہ دیشی صدر کے احکامات کے بعد نیشنل پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا کو قید سے رہا ئی مل گئی ،جماعت اسلامی ،بی این پی کے برسوں سے لاپتہ متعدد رہنما بازیاب ہو گئے،ایک ہزار سے زائد رہنماو¿ں و کارکنوں کی ضمانت منظور کرکے رہائی کا حکم دےدیاگیا۔

جماعت اسلامی نے پارٹی دفتر ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک بند رہنے کے بعد کھول دیا،جماعت کے طلبہ ونگ اسلامی چھاترا شبر کے ہیڈ آفس کی رونقیں بھی بحال ہوگئیں،فوج نے کرفیو اٹھالیا،تعلیمی ادارے کھل گئے تاہم کلاس رومز خالی رہے۔

دریں اثنا بنگلہ دیش کی فوج میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کردئیے گئے،میجر جنرل ضیا الاحسن کو برطرف کردیا گیا ،میجر جنرل ضیا الاحسن ملکی انٹیلی جنس ایجنسی نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن مانیٹرنگ سینٹر (این ٹی ایم سی) کے ڈائریکٹر جنرل تھے اور ایجنسی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے،ایجنسی کے ذمہ ملکی صورتحال پر نظر رکھنا، اعدادو شمار جمع کرنا اور کمیونی کیشن مواد کی ریکارڈنگ شامل تھا،ایجنسی کو ای میلز ، سوشل میڈیا اکاو¿نٹس کی نگرانی ، فون کالز ریکارڈنگ بھی کرنے کی اجازت ہے۔

بنگلہ دیشی آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سیف العالم کو وزارت خارجہ کا قلمدان دےدیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل مجیب الرحمان جی او سی آرمی ٹریننگ اور ڈاکٹرائن کمانڈ ہوں گے،میجر جنرل ضیا الاحسن کی جگہ میجر جنرل ردوان الرحمان ڈی جی این ٹی ایم سی بن گئے۔

دریں اثنا مظاہرین نے عوامی لیگ کے رہنما کے ہوٹل کو آگ لگا دی ،24 افراد ہلاک ،متعدد زخمی ہوگئے،مرنے والوں میں انڈونیشیا کاشہری بھی شامل ہے،ریسکیو حکام کے مطابق12 گھنٹے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب پایا گیا،بیشتر افراد کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ،لاشیں ہوٹل کی مختلف منزلوں سے ملیں،ہجوم کی مزاحمت کی وجہ سے کافی دیر تک آگ بجھانے کا کام شروع نہیں ہوسکا،ملک بھر میں ہونے والی اموات کی تعداد400تک جاپہنچی۔

مزید برآں غیر یقینی کی صورت حال کے دوران ڈھاکہ سٹاک مارکیٹ میں حیرت انگیز طور پر تاریخی تیزی دیکھی گئی،انڈیکس 197 پوائنٹس یا 3.77 فیصد اضافے کے بعد 5,426 پر پہنچ گیا،اضافہ 3 برسوں کے دوران ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے،کھاتے دار سجدہ شکر میں گر گئے۔

علاوہ ازیں بھارتی میڈیا کے مطابق ملک سے فرار ہونےوالی شیخ حسینہ واجد کی مشکلات مزید بڑھ گئیں،امریکہ نے سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم کاویزہ منسوخ کردیا جبکہ برطانیہ نے سیاسی پناہ دینے سے معذر ت کرلی،بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد کو نامعلوم مقام پر خفیہ رہائش دےدی گئی،سیاسی پناہ ملنے تک شیخ حسینہ واجد کے بھارت میں قیام کا امکان ہے،بنگلہ دیش کی صورتحال پر بھارت میں آل پارٹیز اجلاس ہوا ،بھارتی وزیر خارجہ نے کہا شیخ حسینہ کا بھارت آنا باہمی وضع داری کا اقدام ہے، اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کے بنگلہ دیشی بحران میں غیرملکی ہاتھ کے امکان کے سوال پر جے شنکر نے کہا کسی بھی چیز کا کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔

مزید برآں امریکہ نے کہاہے بنگلہ دیشی عوام کےساتھ کھڑے ہےں،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا بنگلہ دیش میں تمام فریقین مزید تشدد سے باز رہیں،عبوری حکومت کے قیام کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں،اقتدار کی منتقلی بنگلہ دیشی آئین کے مطابق ہونی چاہیے،احتجاج کے دوران ہونے والی ہلاکتوں پر شدید افسوس ہے۔

علاوہ ازیں برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے بنگلہ دیش کے حالات کا اقوام متحدہ کے تحت تحقیقات کرانے کا مطالبہ کردیا،وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا بنگلہ دیشی عوام اقوام متحدہ کے زیر قیادت مکمل و آزاد تحقیقات کے مستحق ہیں، برطانیہ بنگلہ دیش کا پرامن و جمہوری مستقبل یقینی بنانے کیلئے اقدامات دیکھنا چاہتا ہے،تمام فریقین امن کی بحالی کیلئے تشدد اور مزید ہلاکتیں روکنے میں تعاون کریں۔