واشنگٹن (مشرق نیوز) حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کے فیصلے پر امریکہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ سیاسی جماعت پر پابندی کے حکومتی بیانات دیکھے ہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ سیاسی پیچیدہ عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے تاہم اس اندرونی عمل اور فیصلوں پر امریکہ نظر رکھے گا۔
انکا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی تشویش کی بات ہے کیونکہ یہ اقدام انسانی حقوق، آزادی اظہار رائے، آئینی اور جمہوری اصولوں کی پرامن پاسداری کی مخالفت ہے۔ میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان سمیت کسی بھی ملک میں سیاسی تشدد کی مذمت کرتے ہیں، امریکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہے، ہم جمہوری اقدار اور بنیادی حقوق کا احترام دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان میں قانون کی حکمرانی کی حمایت کرتے ہیں۔
ترجمان محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ جمہوری عمل اور وسیع تر اصولوں اور قانون کی حکمرانی سمیت انصاف کے اقدامات کی ہمیشہ سے حمایت کرتا رہا ہے۔
پاکستان میں سیاسی جماعت پر پابندی پر امریکہ کا اظہار تشویش
















