کووڈ کے بعد سپر ہٹ فلمیں، دپیکا کمائی میں شاہ رخ خان کے قریب پہنچ گئیں
ممبئی (مشرق نیوز) بالی وڈ کی مشہور و کامیاب اداکارہ دپیکا پڈوکون کی عالمی وبا کورونا وائرس کے بعد فلموں سے زبردست کمائی ہوئی جو بالی وڈ کے کنگ خان کو بھی پیچھے چھوڑ سکتی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون کی نئی فلم کالکی 2898 ای ڈی بھارتی باکس آفس پر تہلکا مچا رہی ہے جس کے حوالے سے خیال کیا جارہا ہے کہ یہ فلم مزید کچھ دن اور کمائی کریگی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ فلم عالمی سطح پر 1000 کروڑ کلب میں داخل ہونے کیلئے تیار ہے جب کہ ڈومیسٹک مارکیٹ میں یہ فلم 500 کروڑ کی نیٹ کلیکشن کو عبور کر چکی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس فلم سے دپیکا کی کمائی میں اضافہ ہوا ہے اور خیال کیا جارہا ہے کہ وہ کمائی میں شاہ رخ خان کو پیچھے چھوڑنے میں بس 41 کروڑ کی دوری پر ہیں۔بھارتی میڈیا نے بتایا کہ کورونا کے بعد فلم پٹھان، جوان اور ڈنکی سے شاہ رخ خان کی ڈومیسٹک کلیکشن 1415.64 کروڑ رہی جس نے شاہ رخ خان کو کورونا کے بعد سے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے بھارتی اداکار میں شامل کیا۔اسی کے ساتھ ہی دپیکا کی موجودہ ڈومیسٹک کلیکشن 1374.65 کروڑ ہے اور امید ظاہر کی جارہی ہے کہ دپیکا مزید 2 سے 3 دنوں میں اپنی فلم کی کی کمائی سے شاہ رخ خان کو پیچھے چھوڑ دیں گی۔

















