لاہور:(مرزا ندیم بیگ)محکمہ جیل خانہ جات کے ملازم کا منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا انکشاف ،جیل میں نشہ سپلائی کرنے والا وارڈر پکڑا گیا، بھاری مقدار میں چرس،ہیروئن ،آئس،نشہ آور کیپسول ،نقدی اور موبائل فون برآمد، چیف ہیڈ وارڈر نے ملازم کےخلاف اندراج مقدمہ کےلئے درخواست متعلقہ تھانہ کو دیدی۔
نائٹ آفسیر سنٹرل جیل میانوالی کے مطابق وارڈر عبیداشرف کی ڈیوٹی بطور انچارج بیرک نمبر 8 پر تھی ،وقوعہ والے روز کی درمیانی شب وارڈر 3 سے 4 بجے اندرون جیل راﺅنڈ پر اس کی ڈیوٹی تھی ،مذکورہ وارڈر نے راﺅنڈ پر آنے سے پہلے نئے تعمیر ہونے والے بیرون مین وال ایڈمن بلاک کے قریب سے مشکوک شاپر پھینکا جس کو بیٹ نمبر 2 پر موجود وارڈر مدثر بلال نے دیکھ لیا اور اطلاع فوری طور پردی ،وارڈر عبید مشکوک شاپر کو اٹھانے کےلئے گیا تو ڈیوٹی پر موجود بیٹ ملازم نے وارڈر کو شاپر اٹھانے سے روکا جس کے بعد میں اور بیٹ ملازمین مشکوک شاپر کو اٹھا کر ڈیوڑھی میں لائے اور چیک کرنے پر دیکھا جو نشہ آور مواد پر مشتمل تھاجس کی اطلاع فوری افسران کو دی گئی جس کا مجموعی وزن 556 گرام تھاجس میں چرس 506 گرام،آئس 44 گرام ،ہیروئن 6 گرام اور نشہ آور نشہ آور کیپسول 32 عدد شامل تھے۔
وارڈر سے ٹرنک کی چابی حاصل کر کے تلاشی لی گئی تو ٹرنک سے مزید چرس 14 گرام ،نقدی 32390 اور موبائل فون برآمد ہوا ،وارڈر نے اعتراف کیا کہ وہ خود بھی چرس پیتا ہے اور راﺅنڈ کے دوران اندرون جیل پھینکا ہوا نشہ آور مواد اسیران کو فراہم کرتا تھا ، وارڈر نے نشہ آور مواد اندرون جیل سمگل کر کے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے جس کو معطل کر کے محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ،تھانہ دی گئی درخواست کے مطابق وارڈر عبید کےخلاف حسب ضابطہ ایف آئی آر درج کی جائے اور ایک کاپی دفتر ہذا کو ارسال کی جائے۔
سنٹرل جیل میانوالی: نشہ سپلائی کرنےوالا وارڈر پکڑا گیا، محکمانہ کارروائی شروع
















