پنجاب پولیس خاندان کی مانند، مشکلات کا خاتمہ اوّلین ترجیح ہے : ڈاکٹر عثمان انور

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس ایک فیملی کی مانند ہے جس کے ہر رکن اور اسکے اہل خانہ کو درپیش مشکلات و مسائل کا ازالہ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور انکی درخواستوں اور مشکلات کے ازالے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے راجن پور میں ڈاکووں سے مقابلے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار تنویر عباس کی لازوال قربانی کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آئی جی پنجا ب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے شہید پولیس جوان کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائے گا، پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ڈاکوو¿ں کے ساتھ مقابلے کے دوران شہید ہونے والے کانسٹیبل تنویر عباس کی نماز جنازہ پولیس لائن راجن پور میں ادا کر دی گئی، ڈی پی او راجن پور کیپٹن (ر) دوست محمد، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر منصور احمد، رینجرز و پولیس کے افسران،میڈیا نمائندگان، وکلا، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور نے عید الاضحی پر صفائی انتظامات کے بارے میں موثر رپورٹنگ پر سپیشل برانچ کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیاہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں سپیشل برانچ کے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ سپیشل برانچ کی معروضی رپورٹنگ کی وجہ سے عید صفائی آپریشن میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی، آئی جی پنجاب نے کہاکہ زیرو ویسٹ کے ہدف کے حصول میں سپیشل برانچ نے بروقت معلومات فراہم کر کے قابل قدر خدمات سرانجام دیں، سپیشل برانچ کی رپورٹنگ سے شہرو ں میں آلائشوں کو بروقت اٹھانے، مناسب طریقے سے تلف کرنے میں مدد ملی، آئی جی پنجاب نے کہاکہ شاندار کارکردگی پر سپیشل برانچ کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب پولیس ملازمین کے دماغی فالج (سیریبل پالسی) سے متاثرہ بچوں کے علاج و بحالی کیلئے پرعزم اور مسلسل تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے تسلسل میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں تعینات ملازمین کے سیریبل پالسی کا شکار 582 بچوں کے لئے ماہانہ ہیلتھ وظائف کی مزید رقوم جاری کر دی گئی ہیں، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سیریبل پالسی کا شکار بچوں کو 10 ہزار روپے فی کس ماہانہ کی ادائیگی کر دی گئی، اپریل تا جون کے طبی اخراجات کیلئے 30 ہزار روپے فی کس، مجموعی طور پر 01 کروڑ 74 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ دماغی فالج سے متاثرہ ہر بچے کو 10 ہزار روپے ماہانہ، 01 لاکھ 20 ہزار روپے سالانہ دئیے جا رہے ہیں، رواں سال متاثرہ بچوں کے علاج معالجے پر 07 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی جائے گی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ محکمہ پولیس سیریبل پالسی سے متاثرہ بچوں کا بہترین مفت علاج معالجہ بھی کروا رہا ہے۔