زونل افسر ریگولیشن داتا گنج بخش کی ”پرائیویٹ فورس“ کے ذریعے بھتہ خوری جاری

لاہور (خبرنگار) زونل افسر ریگولیشن داتا گنج بخش نے غیر سرکاری و جعلی انفورسمنٹ انسپکٹرز کی پال لی، فوج ظفر موج کے ذریعے دیہاڑیاں لگانے کا معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد خفیہ سرپرستی شروع کر دی۔ ڈپٹی کمشنر کے حکم پر چیف افسر نے معاملے کی چھان بین کیلئے جب زونل افسر سے بیان لیا تو انہوں نے جعلی ٹیم کی خدمات کا اعتراف کیا اور آئندہ ٹیم کی خدمات حاصل نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرادی مگر حقیقت یہ ہے کہ ابھی بھی زونل افسر تنویر بلوچ جعلی انفورسمنٹ انسپکٹر ملک وقاص اور خورشید کی سرپرستی کی ذمہ داریاں احسن انداز سے نبھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ۔یہی وجہ ہے کہ مذکورہ نوسر باز اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ گزشتہ روز بھی بند روڈ فیکٹری ایریا میں این او سی کی آڑ میں تاجروں کی جیبوں پر لاکھوں روپے کا ڈاکہ مارنے میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں ٹیمیں تنویر بلوچ کو 2 لاکھ روپے ہفتہ دیتی ہیں جس کے باعث تنویر بلوچ نے اصلی انفورسمنٹ انسپکٹروں کو ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ ملک وقاص اور خورشید کیلئے فیلڈ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ پچھلے سال وقاص اور خورشید کے خلاف تھانہ لاری اڈا میں نوسر بازی کا مقدمہ درج ہوا تھا، اسکے علاوہ لاہور کے مختلف تھانوں، ڈی سی اور چیف افسر کے دفاتر میں مذکورہ نوسر بازوں کیخلاف درخواستیں بھی جمع ہیں۔