لاہور (خبرنگار) عیدالاضحی قریب آتے ہی بلدیہ عظمیٰ لاہور کے لالچی افسران نے عوام سے بھتہ وصولی کیلئے غیر سرکاری نوسر باز و فراڈیوں کا گروپ تشکیل دیکر میدان میں اتار دیا، متعدد زونز کے کرتا دھرتاﺅں کو ہیڈ کوارٹر کے ریگولیشن ونگ سے انکے من چاہے پرائیویٹ افراد رکھنے کی ہدایات موصول، اکثر زونز کے انفورسمنٹ انسپکٹروں نے خود سے پرائیویٹ نوسربازوں کی فوج رکھ کر ہیڈ کوارٹر کو برابر حصہ پہنچانے کی حامی بھر لی البتہ داتا گنج بخش کے زونل افسر ریگولیشن تنویر بلوچ نے ہیڈ کوارٹر سے مخفی غیر سرکاری افراد کو عوام کی جیبوں پر ڈاکہ مارنے والی ٹیم میں شامل کر کے اعلان بغاوت کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ زونل افسر نے نوسر باز گروپ کی رپورٹنگ اور روزانہ کی کارروائیوں کے معاملات کی نگرانی کسی ماتحت کو سونپنے کے بجائے اپنے ذمہ لے رکھی ہے، اب نوسر باز ہر صبح ریگولیشن افسر داتا زون سے ہدایات لیکر میدان میں اترتے ہیں اور سارے دن کی لوٹ مار کا حساب رات کو زونل افسر کے روبرو ہونے لگا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تنویر بلوچ نے ریگولر انفورسمنٹ انسپکٹروں کو کام سے روک کو غیر سرکاری نوسر باز ملک وقاص اور خورشید منیر و دیگر کو انفورسمنٹ انسپکٹرز کے تمام اختیارات سونپ رکھے ہیں، غیر سرکاری اہلکاروں کو زونل افسر نے اپنے ایما پر جعلی نوٹس بک تھما دی ہیں، جس کے بعد نوسر باز بلا خوف داتا زون کی تمام یونین کونسلوں میں جاکر کاروباری حضرات کو این او سی سمیت دیگر کاروباری ضابطوں سے خوف زدہ کر کے ان کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے میں مصروف ہیں۔
بلدیہ عظمیٰ، عید پر بھتہ وصولی کیلئے فراڈیوں کا گروپ میدان میں اتار دیا
















