تاجر دوست سکیم، ایس آر او 350 سمیت دیگر قانونی ترامیم پر لاہور چیمبر میں آگاہی سیمینار

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر میں تاجر دوست سکیم، ایس آر او 350 اور دیگر قانونی ترامیم کے متعلق آگاہی سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ چارٹرڈ اکاونٹینٹ عمر ظہیر میر، جو گلوبل ٹیکس فورم پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں، نے اجلاس کے شرکاءکو تاجر دوست سکیم کے متعلق آگاہی دی۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر عدنان خالد بٹ، امجد علی جاوا، اشرف بھٹی، ظہیر بابر، ایس ایم اختر سمیت مختلف مارکیٹوں کے صدور اور جنرل سیکریٹیریز اور ممبران کی ایک بہت بڑی تعداد نے سیمینار میں بھرپور شرکت کی اور تاجر دوست سکیم سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ صدر لاہور چیمبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر تاجر دوست سکیم کی کامیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے لیکن اس سکیم کی کامیابی کیلئے یہ ضروری ہے کہ حکومت سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے اور ان کے رائے کو بھی اس سکیم کو لاگو کرنے سے پہلے شامل کیا جائے۔ انکا کہنا تھا کہ اگرچہ تاجر دوست سکیم سے چیمبرز ممبران بالواسطہ متاثر نہیں ہوں گے لیکن لاہور چیمبر اس سکیم کو کامیاب کروانے کیلئے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمر ظہیر میر نے کہا کہ ایف بی آر کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت 36 لاکھ چھوٹے دکاندار ایسے ہیں جو ٹیکس نیٹ کا حصہ نہیں ہیں۔ تاجر دوست سکیم ایس آر او 420 کے تحت لایا گیا ہے اور اب یہ قانو ن کا حصہ بن چکا ہے۔انکا کہنا تھا کہ اس سکیم کے تحت وہ تما م دکانیں، جو فکس پلیس سے کام کر رہی ہیں وہ اس سکیم کا حصہ ہیں اور اگر وہ اس سکیم میں شامل نہیں ہوتے تو ایف بی آر خود ا نہیں اس سکیم میں رجسٹرڈ کرنے کا مجاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجردوست اسکیم کے تحت، ٹیکس کا حساب دکان کی مالیت کے حساب سے کیا جائے گاجو کاروباری احاطے کی مارکیٹ ویلیو کا 10% ہوگا۔ صدر لاہور چیمبر نے یہ تجویز پیش کی کہ ہر ریٹیلر کے پاس ایک کمرشل بجلی کا میٹر ہوتا ہے، ہم تجویز کرتے ہیں کہ بجلی کے بلوں کے ذریعے ٹیکس وصول کیا جائے جو سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن میں ایڈجسٹ ہو سکے۔اس کے علاوہ رجسٹرڈ ریٹیلرز کے لئے ٹھوس ترغیبات شامل کی جائیں،اس سکیم کی کامیابی کیلئے آڈٹس سے استثناءاور کم شرح ٹیکس، جیسا کہ 2016 میں ایف بی آر کی جانب سے جاری کردVTCS میں تھا۔ ان ترغیبات سے زیادہ سے زیادہ ریٹیلرز اور دکان دار اس اسکیم کے تحت رجسٹر ہونے کی طرف راغب ہوں گے۔ عمر ظہیر میر نے کہا کہ ایس آر او 350کے تحت، اگر سیلز، بنیادی سرمائے کے پانچ گناسے زیادہ ہو تو الیکٹرانک ریٹرن فائلنگ کیلئے کمشنر کی منظوری درکار ہوگی۔ مذکورہ ایس آر او کے تحت، افراد، ایسوسی ایشن کے اراکین یا سنگل شیئر ہولڈر کمپنیوں اور ڈائریکٹرز کو بیلنس شیٹ لازمی جمع کروانی ہو گی اور ہر سال جولائی کے مہینے میں نادرا کے ای سہولت سینٹر میں بائیو میٹرک تصدیق کروانی ہوگی۔ جو ٹیکس دہندگان اس شرط پر پورا نہیں اترتے انہیں کمشنر کی پیشگی منظوری کے بغیر الیکٹرانک ریٹرن داخل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔مزید برآں ایس آر او کی شق کے تحت، اگر بیچنے والے نے مقررہ وقت تک سیلز ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرایا تو خریدار کو ان پٹ نہیں ملے گا۔ اور فروخت کنندہ کی انوائسز کو ختم کر دیا جائے گا اور خریدار کی ریٹرن سے ان پٹ ٹیکس نکال دیا جائے گا۔ اس سے خریدار کی ٹیکس ذمہ داری میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ سیمینار میں ٹیکس لاءامینڈمنٹ ایکٹ 2024 کی بھی تفصیلات بتائی گئیں۔ جس کے تحت ٹیکس اپیل کا نظام تبدیل کیا گیا ہے۔ صدر لاہور چیمبر اور شرکاءکی اس کے متعلق تجاویز تھیں کہ ان تبدیلیوں کو موثر بنانے اور ان سے طے شدہ فوائد اٹھانے کیلئے انتہائی ضروری ہے کہ بنیادی مسائل جیسے کہ ٹیکس قوانین کی لامحدود اختیارات اور بزنس کمیونٹی بالخصوص چیمبرز کے ساتھ مشاورت کا عمل کیا جائے۔