عالیہ بھٹ، کنگنا رناوت، اننیا پانڈے اور شردھا کپور بھی ڈیپ فیک ویڈیو کا شکار

ممبئی (مشرق نیوز) بالی ووڈ کی معروف اداکارائیں عالیہ بھٹ، کنگنا رناوت، اننیا پانڈے اور شردھا کپور بھی ڈیپ فیک ویڈیو کا شکار ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر آئے دن نئے ٹرینڈز سامنے آتے ہیں جن پر سوشل میڈیا اسٹارز اور ٹک ٹاکرز ویڈیوز بناکر اپنے اکاﺅنٹس پر پوسٹ کرتی ہیں، اب گزشتہ دنوں سے ایک نیا ٹرینڈ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔وائرل ٹرینڈ کا نام Asoka Makeup Trend ہے جس میں سال 2001کی سپر ہٹ بالی ووڈ فلم اشوکا کا گانا سن سنن شامل ہے اس ٹرینڈ میں ٹک ٹاکرز اور سوشل میڈیا انفلوینسرز اپنی میک اپ کی مہارت کو منفرد انداز میں دکھاتے ہوئے خوبصورت دلہنوں میں تبدیل ہوجاتی ہیںاب اس ٹرینڈ پر بالی ووڈ حسیناﺅں عالیہ بھٹ، اننیا پانڈے، کنگنا رناوت اور شردھا کپور کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جوکہ دیکھنے میں کافی مزاحیہ لگ رہی ہے۔مذکورہ ویڈیو اصلی نہیں بلکہ جعلی ہے جوکہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی مدد سے تیار کی گئی ہے، ویڈیو میں چاروں بالی ووڈ اداکاراں کو اس ٹرینڈ پر دلچسپ انداز میں اداکاری کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں کنگنا رناوت کو بالکل درست کردار دیا ہے، اس مہارت پر تو ویڈیو ایڈیٹر کو ایوارڈ ملنا چاہیے۔