افسران اختیارات ، صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کیلئے استعمال کریں،آئی جی پنجاب

لاہور:(کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب نے سی ایس ایس امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے پنجاب پولیس کے 5 ہونہارسب انسپکٹرز کی بھرپور عزت افزائی کی، ڈاکٹر عثمان انورنے سی ایس ایس کوالیفائی کرنے والے 5 سب انسپکٹرز کو اہل خانہ کے ساتھ دفتر مدعو کیا، بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اعزازی شیلڈز سے نوازا، سب انسپکٹرز کے اہلخانہ کو بھی خصوصی مبارک باد دی۔

سب انسپکٹرز بلال چانڈیہ، اویس ارشد، ایم سلال، احمد حفیظ اور لیڈی سب انسپکٹر ام البنین سی ایس ایس کامیاب کرنے والے پولیس افسران میں شامل ہیں، پانچوں سب انسپکٹرز کا انتخاب ان لینڈ سروسز (انکم ٹیکس) گروپ میں ہوا ہے۔

آئی جی نے نوجوان افسران کواپنی پیشہ ورانہ ٹریننگ بھرپور تندہی اور لگن سے مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا پیشہ ورانہ ورکنگ کو سمجھ کر نئے آئیڈیاز کے تحت شہریوں کی بھرپور خدمت کریں، ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ اپنے اختیارات اور صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت اور تعمیر و ترقی کیلئے استعمال کریں،پولیسنگ کے تجربات کی روشنی میں شہریوں کے مسائل زیادہ بہتر انداز میں حل کئے جا سکتے ہیں۔