لاہور (قمر عباس نقوی) واسا آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو کی خواہش پر گلبرگ ٹاﺅن میں ذاتی پرائیویٹ شخص کو سرکاری ریکارڈ سمیت فیلڈ میں کام کرنے کی اجازت، محکمانہ مالیاتی امور کی انجام دہی میں تمام تر دستاویزات اور ریکوری و کنکشن کی نوعیت میں تبدیلی اور بلز کو روائز کرنے کے کیسوں پر مامور، صارف کو غیرقانونی اقدام کے ذریعے مالی فائدہ پہنچانے کی خاطر محکمے کو آمدنی کی مد میں لاکھوں روپے مالیت کا نقصان، غیر سرکاری شخص کی تعیناتی ایم ڈی واسا کے علم میں ہے، ریونیو انتظامیہ کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق واسا شعبہ ریونیو میں کرپشن کا سلسلہ جاری ہے، آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو کی سرپرستی میں گلبرگ ٹاﺅن ریونیو کے آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے محکمانہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزشتہ ڈیڑھ سال سے پرائیویٹ شخص کو سرکاری امور پر مامور کررکھا ہے جو کہ فیلڈ میں کام کرنے کی خاطر مفت سرسز فراہم کررہا ہے لیکن آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو کی خواہش پر دسمبر 2022ءمیں بطور بی آر او ریٹائر ہونیوالے ملازم کو ذاتی طور پر ریکوری سمیت دیگر امور کی انجام دہی پر تعینات کیا تھا جو کہ تاحال کام کررہا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر گلبرگ ریونیو عاصم منیر کی جانب سے آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے تاحال پرائیویٹ شخص کو ٹاﺅن کے مختلف نوعیت کے کیسوں اور فیلڈ میں بطور انسپکٹر کام کرنے کی اجازت دے رکھی ہے جبکہ وارڈ نمبر 299 میں کاغذی طور پر ورک چارج عمران علی کو تعینات کرتے ہوئے غیرقانونی اقدامات کرتے ہوئے تنخواہوں کی گھر بٹھاکر ادائیگی کی جا رہی ہے جو کہ ایم ڈی واسا کی محکمے کو کرپشن فری بنانے کی منصوبہ بندی کے صریحاً متوازی اقدام ہے۔ آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو کی ذاتی خواہشات کی انجام دہی کی خاطر محکمے کی طرف سے تنخواہ کی ادائیگی کی جا رہی ہے، مبینہ طور پر پرائیویٹ شخص کو سرکاری کام پر مامور کرنے کے معاملے پر ایم ڈی واسا کی رضامندی حاصل کرنے کا انکشاف بھی کیا گیا ہے۔ اس غیرقانونی اقدام کی انجام دہی میں مبینہ طور پر ایم ڈی واسا کو بھی ملوث کرنے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ آن پے سکیل ڈائریکٹر ریونیو مرتضیٰ حسن سے اس غیرقانونی اقدام پر موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے اس سلسلے میںبات نہیں کی۔
واسا او پی ایس ڈائریکٹر ریونیو کی خواہش،گلبرگ ٹاﺅن میں پرائیویٹ شخص کو سرکاری ریکارڈ سمیت فیلڈ میں کام کی اجازت
















