لاہور (مرزا ندیم بیگ) ماڈل ٹاون میں سگے بڑے بھائی نے اپنے امریکی شہری بہن بھائیوں کے مکان پر قبضہ کرکے گیسٹ ہاوس بنا کر غیر اخلاقی کام شروع کردئیے۔ پولیس اور مقامی انتظامیہ قبضہ گروپ کی سرپرست بن گئی، ماڈل ٹاون سوسائٹی تاحال خاموش۔ رپورٹ کے مطابق ماڈل ٹاون بی بلاک لاہور میں مرحوم بشیر احمد خان کا 3 کنال سے زائد رقبہ پر محیط گھر تھا جو انکی وفات کے بعد انکی بیوہ فہمیدہ بشیر،ثمینہ مستطاب (بیٹی)، روبینہ سجاد (بیٹی)، عابد بشیر اور ساجد خان کے نام وراثتی انتقال ہوگیا۔ مرحوم بشیر خان کے بچے امریکہ میں رہائش پذیر ہیں جبکہ بڑے بھائی عابد بشیر نے والدہ کی وفات کے بعد گھر کے جعلی کاغذات تیار کرکے باقی سب بہن بھائیوں کو بیدخل کردیا اور اس گھر کو گیسٹ ہاوس بنا کر غیر قانونی کام شروع کردئیے۔ اس جعلسازی کی خبر جب باقی بہن بھائیوں کو ہوئی تو بھائی ساجد خان نے تھانہ ماڈل ٹاون اور ماڈل ٹاون سوسائٹی کو کارروائی کی درخواست دیدی جس کی طرف سے ابھی تک کسی قسم کی کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ متاثرہ فریقین نے آئی جی پولیس سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماڈل ٹاﺅن سوسائٹی کے قوانین کے مطابق یہاں پر رہائشی مکان میں کوئی کاروباری کام نہیں ہوسکتا جبکہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس مکان میں گیسٹ ہاوس بنا کر غیر قانونی اور غیر اخلاقی کام کھلے عام جاری ہیں۔
شہری کا سگے بہن، بھائیوں کے مکان پر قبضہ،گیسٹ ہاﺅس بنا دیا،ماڈل ٹاﺅن انتظامیہ خاموش
















