لندن (مشرق نیوز) لیبر پارٹی کے برٹش پاکستانی امیدوار صادق خان تیسری مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہوگئے۔ پاکستانی بس ڈرائیور کے بیٹے نے میئر لندن بننے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی ہے۔ لندن میں میئر کے انتخاب کیلئے لیبر پارٹی کے صادق خان اور کنزرویٹو پارٹی کی سوزن ہال کے درمیان کڑا مقابلہ تھا۔ خیال رہے کہ صادق خان پہلی مرتبہ 2016 میں لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے۔ 2016 میں صادق خان نے کنزرویٹیو امیدوار اور سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کے بھائی زیک گولڈ سمتھ کو شکست دی تھی۔ میئر لندن بننے سے پہلے صادق خان نے 2005 سے 2016 تک رکن پارلیمنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 53 سالہ صادق خان لندن کے علاقے ٹوٹنگ میں پیدا ہوئے، انہوں نے یونیورسٹی آف لندن سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ صادق خان نے سیاست کا آغاز ونز ورتھ کونسل کا کونسلر بن کرکیا۔ بطور میئر لندن صادق خان نے ہوپر کی منفرد اسکیم متعارف کرائی، ہوپر سکیم کے تحت ایک گھنٹے تک مسافر جتنی چاہیں بس اور ٹرام تبدیل کرسکتے ہیں۔ صادق خان نے لندن کی فضا کو بہتر بنانے کیلئے الٹرلوایمیشن زون کی متنازع سکیم بھی متعارف کرائی۔ صادق خان غزہ میں فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھانے والوں میں شامل تھے۔ حالیہ الیکشن میں صادق خان نے فری سکول میلز اور کرائے منجمدکرنے کے وعدے کئے۔ صادق خان نے پولیس افسران کی تعداد بڑھانے اور مزیدکونسل گھر بنانے کے وعدے بھی کئے۔ 1970 میں لندن میں پیدا ہونے والے صادق خان کے والدین پاکستان سے ہجرت کر کے برطانیہ آئے تھے۔ انکے والد بس ڈرائیور تھے اور ان کی ابتدائی پرورش بھی کونسل کی جانب سے فراہم کردہ فلیٹ میں ہوئی تھی۔
لیبر پارٹی کے پاکستانی نژاد صادق خان مسلسل تیسری مرتبہ میئر لندن منتخب
















