پنجاب کی جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرریاں میرٹ پر ہونگیں: صوبائی وزیر تعلیم

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر ) فیڈرل ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے معیار اور اسکے فروغ کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق ہو گیا ہے۔ایگزیکٹو سیکرٹری ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاالقیوم اورچیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر شاہد منیر نے اس عزم کا مشترکہ اظہار پنجاب ایچ ای سی کے زیراہتمام ”کوالٹی ایشورنس“ کے عنوان پروائس چانسلرز کا نفرنس میں کیا جس میں پنجاب کی 75سرکاری و غیر سرکاری جامعات کے وائس چانسلر ز نے شر کت کی۔ کانفرنس میں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ سیکرٹری ایچ ای ڈی ڈاکٹر فرخ نوید بھی شریک تھے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرریاں میرٹ پر ہونگیں۔ ہمارا تعلیمی ویژن کلیئر اور ارادے مضبوط ہیں، ہم شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم ایجوکیشن ریفارمز لا رہے ہیں، برطانیہ کے تعاون سے ٹیچر ٹریننگ، سکولوں کی اپ گریڈیشن اور دیگر چیلنجز سے نبٹیں گے جبکہ طلبہ کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن اور جدید آئی ٹی و ٹیکنالوجی کورسز بھی شروع کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر ضیاالقیوم نے کہا کہ بین الاقوامی مطابقت اور مسابقت کی بہتر سطحوں کو حاصل کرنے کیلئے یونیورسٹیز کے معیار کو بڑھانے کے جدید طریقے اختیار کئے جائیں گے۔صوبوں کیساتھ ملکرجامعات میں اصلاحات لائیں گے۔اعلیٰ تعلیمی نظام میں کوالٹی ایشورنس کے انضمام کیلئے پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیوں میں کوالٹی انہانسمنٹ سیلز کے قیام کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔چیئرمین پنجاب ہائیرایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر کا کہنا تھا کہ ہم فیڈرل ایچ ای سی کے ساتھ ملکر اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کریں گے۔ حکومت اعلیٰ تعلیمی بجٹ میں اضافہ کرے تاکہ اپنی یونیورسٹیز کو عالمی معیار کے مطابق لایا جاسکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں عہد جدید میں وقار سے زندہ رہنا ہے تو تعلیم کو مرکزی حیثیت دینا ہو گی۔جنوبی ایشیا کے ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلیمی بجٹ کا مقابلہ کیا جائے تو یہ انتہائی کم ہے۔ہمیں امید ہے کہ آنے والے بجٹ میں حکومت اعلی تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کرے گی۔سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا کہ یونیورسٹیز کو حکومتوں کے بجٹ پر انحصار کرنے کی بجائے متبادل ذرائع آمدن بڑھانے کی طرف بھی توجہ دینا ہو گی۔ اپنے وسائل کے مطابق پروگرام چلانے چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی جامعات میں نئے وائس چانسلرزکی تقرری کے پراسس پر تیزی سے کام ہورہا ہے، اس مقصد کیلئے جلدسرچ کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں اور وائس چانسلرزکی پرفارمنس کو مانیٹر کیا جائیگا۔