لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور پولیس کے سب انسپکٹر محمد ارشد شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، سیکرٹری ہوم نور الامین مینگل، ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران، ایس ایس پی آپریشنز علی رضا، ایس پیز انوسٹی اینڈ آپریشنز ونگ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سب انسپکٹر ارشد کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔ سب انسپکٹر ارشد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سب انسپکٹر ارشد شہید کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سب انسپکٹر محمد ارشد کی فرض کی راہ میں بے مثال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس سب انسپکٹر ارشد کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس سب انسپکٹر ارشد جیسے 1600 سے زائد شہداءاور 1700 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے، شہداءکی فیملیز کی بہترین ویلفیئر اور غازیوں کی جلد از جلد بحالی اور بہترین علاج کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع کے ملازمین کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 20 لاکھ روپے جاری کر دئیے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مذکورہ بالا فنڈز کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے ویلفیئر آفس کو ہدایت کی کہ پولیس فورس کے صحت عامہ سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ڈرگ فری پنجاب مہم کے سلسلے میں منشیات فروشوں کی سرکوبی کیلئے پنجاب پولیس کی صوبہ بھر میں ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے ایک دن میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 250 چھاپے مارے، مکروھ کاروبار میں ملوث 92 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 88 مقدمات درج کئے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 49 کلو گرام چرس، 700 گرام ہیروئن، 110 گرام آئس اور 700 لٹر شراب برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ 26 فروری سے جاری آپریشن میں صوبہ بھر میں 17801 چھاپے مارے گئے، منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کے خلاف 8381 مقدمات درج کئے گئے اور 8878 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضہ سے5851 کلوگرام چرس، 100 کلو ہیروئن، 216 کلو افیون، 29 کلو آئس برآمد اور 111779 لٹر شراب برآمد کی گئی۔ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انسداد منشیات کریک ڈاو¿ن میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی لعنت کے تدارک کیلئے انفارمیشن بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں، نوجوان نسل کو منشیات کے زہر سے بچانے کیلئے موثر آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔
پنجاب پولیس شہداء،غازیوں کی امین فورس ہے: آئی جی پنجاب، شہید سب انسپکٹر کی نماز جنازہ میں شرکت
















