لاہور (اپنے نمائندے سے) اوقاف انتظامیہ مزارات پر کیش بکسوں سے سرکاری نذرانہ چور گروہ کیخلاف عملی کارروائی کرنے میں ناکام، اقدامات کاغذی کارروائی تک محدود، سیکرٹری اوقاف کیش چور گروہ کے سامنے بے بس، نذرانہ چوروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مفاد پرست مافیا ایک پیج پر۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں 547کے قریب مزارات 437مساجد اور 72کے قریب مدارس شامل ہیں جس کے تمام تر انتظامی امور کی انجام دہی کی ذمہ داری محکمہ اوقاف پنجاب کو دی گئی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ کو اخراجات کرنے کی خاطر اوقاف کے موجود وسائل سے آمدنی حاصل کرکے کی جاتی ہے، آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ کیش بکس ہیں جو کہ مزارات پر نصب کئے گئے ہیں اوقاف کی جانب سے ان مزارات کی نگرانی متعلقہ منیجرز کو دے رکھی ہے جن کی طرف سے نگران جو کہ چھوٹے سکیل کا خادم ہوتا ہے اس کو تعینات کرکھا ہے ماضی میں سیکرٹری اوقاف کی جانب سے کیش بکسوں سے نذرانہ کی چوری کی روک تھام اور آمدنی میں اضافہ کی منصوبہ بندی بنائی گئی تھی جو کہ ناکام ہوتے ہوئے دکھائی دے رہی ہے۔ کیش بکسوں سے سرکاری نذرانہ چور کشادگی بکس کے دوران کیش چوری کرتے ہوئے اوقاف کو مالی نقصان پہنچارہے ہیں۔ ماضی میں اور حال ہی میں اس طرح کے واقعات کے ویڈیو و دیگر ثبوت سامنے آ چکے ہیں جس پر انتظامیہ کی جانب سے عارضی بنیادوں پر زمہ دران کو معطلی یا ٹرانسفر کی سزا دی جاتی ہے جو کہ چند ہفتوں کے بعد ان سرکاری نذرانہ چوروں کو عام معافی دے دی جاتی ہے۔ ماضی قریب میں لاہور کے ایک مزار پر کیش چوری کا واقعہ پیش آیا جس میں سرکاری نذرانہ چوروں کو تحفظ فراہم کیا گیا کیش بکسوں سے نذرانہ چوری کی روک تھام انتظامیہ کیلئے بہت بڑا ٹاسک بن چکا ہے اور سیکرٹری اوقاف بھی سرکاری نذرانہ چوروں کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ اوقاف انتظامیہ کی طرف سے مختلف مزارات اور مساجد میں کیش بکسوں کی کشادگی کے دوران صدر آفس سے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے بعد میں نذرانہ چور مافیا ریکٹ کے سامنے شعبہ فنانس کی بے بسی دیکھنے میں آئی تمام زونز کو تحریری حکم نامہ جاری کر دئیے گیا کہ صدر آفس کی جانب سے تمام زونز میں کیش کشادگی کے دوران ٹیمیں تشکیل دینا ممکن نہیں۔ اسسٹنٹ اکائنٹس آفیسر کی جانب سے لکھے گئے حکم نامہ میں کیش چوری کو تسلیم کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود عملی اقدامات کرنے کی بجائے زون انتظامیہ کو ہی کیش کشادگی کے عمل میں زون کی سطح پر ہی انتظامات کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں جو کہ انتظامیہ کی بے بسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس لیٹر میں تسلیم کیا گیا ہے کہ کیش بکس کشادگی کے وقت صدر آفس کی ٹیم کی موجودگی میں آمدنی میں اضافہ دیکھا ہے لیکن نذرانہ چوروں کے مضبوط گروہ کے سامنے بے بسی تحریر میں صاف پڑھی جا سکتی ہے۔ دوسری طرف ترجمان اوقاف کا کہنا ہے کہ کیش بکسوں سے چوری کو روکنے کی خاطر اقدامات کئے گئے ہیں، ملوث افسران یا ملازمین کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا ۔
مزارات پر کیش بکسوں سے نذرانہ چوری:اوقاف انتظامیہ ملوث گروہ کیخلاف عملی اقدامات میں ناکام
















