نیویارک (مشرق نیوز) ایران کے اسرائیل پرحملے کے بعداقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کاہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا گیا۔ اسرائیل کی درخواست پر سلامتی کونسل کا اجلاس پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بجے ہوگا۔ اسرائیل نے سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے خط میں کہا کہ ایران کاحملہ عالمی امن،سکیورٹی کیلئے بڑاخطرہ ہے،ایران نے جوابی خط میں کہا کہ یہ اقدام عالمی قوانین کے عین مطابق تھا۔
واضح رہے اسرائیل نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ہونے والے ایرانی حملے پر سلامتی کونسل کے اجلاس کی درخواست کی تھی۔ اسرائیل نے ایرانی حملے پر سخت جوابی کارروائی کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے جنگی کابینہ کو ایرانی حملے پر ردعمل دینے کا اختیار دے دیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی حملوں کا منہ توڑ جواب دیں گے، اسرائیل ہر قسم کے حملے کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل پر ایرانی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا آج ایران اور اس کی پراکسیز نے اسرائیل کی فوجی تنصیبات پر حملہ کیا، اسرائیل پر داغے گئے تقریباً تمام ایرانی ڈرون اور میزائل امریکی مدد سے مار گرائے۔
جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ایران حملوں سے متعلق قومی سلامتی ٹیم سے تازہ صورتحال معلوم کی ہے، ایران اوراسکے آلہ کاروں کے خطرات کے خلاف اسرائیل کے ساتھ ہیں، اسرائیل کی سلامتی کیلئے ہمارا عزم آہنی ہے۔ ایران اسرائیل کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس اتوار یعنی آج شام 4 بجے ہونے کا امکان ہے۔
ایران کا حملہ: اسرائیل کی درخواست پر یو این کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب
















