بجلی چوری کے خاتمے کیلئے 23 اپریل تک کی ڈیڈ لائن

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر توانائی اویس لغاری نے ہر قسم کی بجلی چوری کے خاتمے کیلئے 23 اپریل تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے تمام ڈسکوز کے چیئرمین اور سی ای اوز کو بجلی چوری کے خاتمے کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔

پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر نے بجلی چوری کےخلاف کوششوں کو ناکافی قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہاڈیٹا بجلی چوری کے اصل نقصانات کے اعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتا، تمام متعلقہ افسران بجلی چوری کے تمام ذرائع کا سراغ لگا کر سدباب کریں، تمام ڈسکوز کے ایس ایز، ایکسینز اور ایس ڈی اوز کو متعلقہ فیلڈ سٹاف کو اپنے علاقوں میں چوری نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دینا ہو گا، تمام چیف ایگزیکٹو افسر سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کر کے وزارت میں جمع کرائیں گے۔

وزیر توانائی نے کہا ہفتہ وار کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہو گی، عدم مطابقت یا متضاد شواہد پر محکمہ کے اہلکاروں کےخلاف قانونی، تادیبی کارروائیاں ہوں گی،اویس لغاری نے کہا بجلی چوری میں ملوث اہلکاروں کو سخت سزا دینے کیلئے قوانین میں ترمیم کی جائیں گی، ملازمت سے برخاست کرنے میں رکاوٹ بننے والے قوانین میں ترامیم ہوں گی۔