ممبئی (مشرق نیوز) بالی ووڈ کے معروف فلمساز بونی کپور نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلم ”نو انٹری 2“ میں اپنے بھائی انیل کپور کو کاسٹ نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے وہ ناراض ہیں۔ سال 2005 میں ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ”نو انٹری“ اداکار انیل کپور اور ان کے بڑے بھائی پروڈیوسر بونی کپور کیلئے ایک بڑی کامیابی تھی، فلم میں انیل کپور سمیت دیگر اداکاروں کی کامیڈی کو خوب مقبولیت ملی تھی۔ اس مقبولیت کے باوجود بونی کپور نے فلم کے سیکوئل میں اپنے بھائی انیل کپور کو کاسٹ نہیں کیا اور بھائی کی جگہ اپنے بیٹے ارجن کپور کو کاسٹ کرلیا جس کی وجہ سے دونوں بھائیوں کے درمیان بات چیت ختم ہوگئی ہے۔ بونی کپور نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں اپنے بھائی انیل کپور کو ”نو انٹری“ کے سیکوئل اور اسکی کاسٹ کے بارے میں بتانا چاہتا تھا لیکن میرے بتانے سے پہلے ہی وہ مجھ سے ناراض ہوگئے کیونکہ فلم کی کاسٹ سے متعلق خبر لیک ہوچکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ انیل کپور فلم کی کاسٹ میں شامل ہونا چاہتے تھے لیکن فلم میں ان کیلئے کوئی جگہ نہیں تھی کیونکہ اب وہ دور ختم ہوچکا ہے کہ جب فلم کے سیکوئل میں بھی پرانے سٹارز (فلم کے پہلے حصے کے اداکاروں) کو کاسٹ کیا جائے۔
فلم ”نو انٹری2“ میں کاسٹ نہ کرنے پر انیل کپور اپنے بھائی بونی کپور سے ناراض

















