بھارت ،دوران نماز ہندو انتہاپسندوں کا غیر ملکی مسلم طلبہ پر حملہ، 5 شدید زخمی

احمد آباد (مشرق نیوز) بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں ہندو انتہا پسندوں نے نماز کی ادائیگی کے دوران مسلمان طلبہ پر حملہ کرکے 5 طالب علموں کو زخمی کردیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق احمد آباد میں واقع گجرات یونیورسٹی کے کیمپس میں مسجد نا ہونے کی وجہ سے وہاں زیر تعلیم غیر ملکی مسلم طلبہ ہاسٹل میں نماز تراویح ادا کر رہے تھے کہ ان پر ہندو انتہا پسندوں کے مشتعل ہجوم نے چھریوں، پتھروں اور لاٹھیوں سے حملہ کردیا۔ متاثرہ طلبہ کا کہنا ہے کہ ہجوم اسلامو فوبک اور ہندو مذہبی نعرے لگارہا تھا جبکہ واقعہ پر پولیس کی نفری موجود تھی تاہم انہوں نے غنڈوں کو جانے دیا اور کچھ نہیں کیا۔ رپورٹس کے مطابق 5 طلبہ کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور جنہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمی ہونیوالے غیر ملکی طلبہ میں افغانستان سے ہارون جبار، ترکمانستان سے آزاد اور سری لنکا سے تعلق رکھنے والے ایک عیسائی طالب علم ماریو شامل ہیں، باقی دو طالب علموں کا تعلق افریقی ممالک سے ہے۔ دوسری جانب حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس سے بڑے پیمانے پر ریاست میں غم و غصہ پایا جارہا ہے جبکہ ہندو مسلم فسادات کو روکنے کیلئے سکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔