امیتابھ بچن نے سرجری سے متعلق گردشی خبروں کو جعلی قرار دیدیا

نئی دہلی (مشرق نیوز) بالی ووڈ کے شہنشاہ و لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل ہونے اور سرجری سے متعلق گردشی خبروں کو جعلی قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب اداکار کو انڈین سٹریٹ پریمیئر لیگ (آئی ایس پی ایل)کے فائنل میچ کے دوران دیکھا گیا ہے۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھی سینئر اداکار نے اس فائنل میچ سے تصویر شیئر کی اور ساتھ کیپشن میں انہوں نے بتایاکہ آئی ایس پی ایل کے فائنل میں انہیں لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے ساتھ وقت گزارنا بہت اچھا لگا۔امیتابھ بچن نے لکھا کہ آئی ایس پی ایل کے فائنلز کے دوران عظیم کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے ساتھ وقت گزارنا اور ان سے کرکٹ کے بارے میں سیکھنا اور ان کے کرکٹ کے حوالے سے ناقابل یقین تجربات کو جاننا قابل تعریف ہے۔اسی میچ کے بعد بگ بی نے میڈیا سے مختصر گفتگو بھی کی جس کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔مذکورہ ویڈیو میں امیتابھ بچن کو اسٹیڈیم سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اس دوران صحافی نے اداکار سے ان کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ آپ کی اینجیو پلاسٹی کیسی رہی؟صحافی کے سوال پر بگ بی نے پہلے تو اپنے ہاتھوں سے اشارہ کیا کہ سب ٹھیک ہے ، پھر بتایا کہ یہ جعلی خبر ہے اور پھر وہ مسکراتے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔