عزیز بھٹی زون انتظامیہ کی آشیرباد سے غیرقانونی سکول کی تعمیر ،بلدیہ عظمیٰ لاکھوں کے ریونیو سے محروم

لاہور ( خبر نگار ) عزیز بھٹی زون انتظامیہ نے برکی روڈ پیراگون سوسائٹی کے قریب وسیع رقبے پر پھیلے زیر تعمیر سکول کی سرپرستی شروع کردی۔انکشاف ہوا ہے کہ عزیز بھٹی زون کے بلڈنگ انسپکٹر عمران ارشاد اور خاتون زونل افسر پلاننگ نے مبینہ طور پر بھاری رشوت کے عوض غیر قانونی سکول کی تعمیر سے نہ صرف بلدیہ عظمیٰ کو لاکھوں روپے کے ریونیو سے محروم کردیا بلکہ ایل ڈی اے کو بھی کمرشلائزیشن فیس کی مد میں اکٹھے ہونیوالے کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پیرا گون ہاﺅسنگ سوسائٹی کے قریب مین برکی روڈ پر 9 کنال اراضی پر سکول کی تعمیر جاری ہے جس کیلئے نہ تو بلدیہ عظمیٰ سے کمپوزیشن پلان منظور کرایا گیا ہے اور نہ ہی ایل ڈی اے کو کمرشلائزیشن فیس ادا کی گئی ہے۔ ذرائع سے مزید معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ رقبہ پر ماضی میں شاہد نامی شخص کے نام سے رہائشی نقشہ پاس کرایا گیا تھا تاہم بعد ازاں عزیز بھٹی زون کے علم میں آیا کہ انہیں دھوکے میں رکھ کر کمرشل سکول کی تعمیر شرو ع کردی گئی ہے جس پر پھرتی دکھاتے ہوئے بلڈنگ انسپکٹر عمران ارشاد نے کوائف جمع کرانے تک کام روکے رکھنے کا نوٹس جاری کردیا جس کے بعد بلڈنگ انسپکٹر اور خاتون زونل افسر نے لاکھوں روپے کی مبینہ رشوت حاصل کرکے تعمیر دوبارہ شروع کروا دی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بلڈنگ انسپکٹر اور خاتون افسر نے غیر قانونی تعمیر پر ”اپنی دیہاڑی“ کے چکر میں بلدیہ عظمیٰ کو کمپوزیشن فیس کی مد میں 10 سے 15 لاکھ اور ایل ڈی اے کو کمرشلائزیشن فیس کی مد میں 2 سے اڑھائی کروڑ روپے کی بڑی آمدن سے محروم رکھ کر بڑے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔