امریکہ نے کبھی لاس اور ڈیمیج فنڈ کی مخالفت نہیں کی: جان کیری

واشنگٹن (مشرق نیوز) ماحولیاتی تبدیلی کیلئے امریکہ کے خصوصی صدارتی سفیر جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ نے کبھی لاس اور ڈیمیج فنڈ کی مخالفت نہیں کی، اس کی مخالفت کی کہ فنڈ ذمے داری اور معاوضے سے منسلک ہو گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران جان کیری نے کہا کہ ہم نے موسمیاتی بحران سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے خیال کی ہمیشہ حمایت کی، شرم الشیخ میں فنڈ بنانے کی تجویز کو امریکا نے قبول کیا، مخالفت کرتے تو فند کی تجویز کو کسی بھی وقت بلاک کر سکتے تھے۔جان کیری کا کہنا تھا کہ ہمیں درمیانی راستے کی تلاش تھی جہاں سب مل کر کچھ بامقصد کام کرسکیں، جو کر سکتے ہیں اس کی تعریف امپیکٹ کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ امپیکٹ فنڈ کمزور ممالک پر موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کیلئے ہے، کمزور ممالک پر موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کیلئے امپیکٹ فنڈ لاس اینڈ ڈیمیج ہی ہے۔ امریکہ کے خصوصی صدارتی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم ایسا کچھ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو حقیقت میں ممکن ہو، کانگریس کے مختص کئے گئے ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر فنڈ میں دیے ہیں، ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر دوسروں کے دیے گئے 10 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں چھوٹی رقم ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس مختص نہ کرے تو مزید رقم نہیں دے سکتے، یہ رقم بھی صرف فنڈ قائم کرنے میں مدد کیلئے ہے، فنڈ آگے دینے کیلئے نہیں۔