آئی جی کے حکم پر پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ کیخلاف کریک ڈاون ،ہزاروں قانون شکن گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت کریک ڈاون جاری ہے جس کے تسلسل میں رواں سال اب تک اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت 3045 مقدمات درج، 2770 قانون شکن گرفتار کر لئے گئے ہیں ان ملزمان کے قبضے سے 3 لاکھ 10 ہزار 464 پتنگیں، ہزاروں چرخیاں و دھاتی ڈور بھی برآمد ہوئی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور میں رواں سال کائٹ فلائنگ کے 550 مقدمات درج، 554 افراد کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 13198 پتنگیں، 3932 چرخیاں، دھاتی ڈوریں برآمد ہوئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال صوبہ بھر میں ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کے 521 مقدمات درج کرتے ہوئے 495 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ تمام اضلاع میں ناجائز اسلحہ کے 7798 مقدمات درج ہوئے اور 6263 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، ان ملزمان کے قبضے سے 337 کلاشنکوف، 574 رائفلیں، 666 بندوقیں، 6436 پسٹل، 86 کاربین اور ہزاروں کی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں ، ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ لاہور میں ہوائی فائرنگ کے 06 مقدمات درج کرتے ہوئے 06 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، لاہور میں ناجائز اسلحہ کے 2117 مقدمات درج اور 1767 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضہ سے 149 رائفلیں، 30 کلاشنکوف، 72 بندوقیں، 1814 پستول، 13 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کائٹ فلائنگ اور اسلحہ کی نمائش پر کریک ڈاون کو مزید سخت کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے قانون شکن عناصر کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائیں۔ دوسری طرف پنجاب پولیس خواتین پر ظلم و تشدد کی روک تھام اور انکے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے ”خواتین پر تشدد اب نہیں“آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا ، واک تھون کا آغاز لبرٹی گول چکر سے ہوا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور اے ایس پی گلبرگ سیدہ شہربانو نے آگاہی واک میں خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میڈیا سے گفتگو عورتوں کے تحفظ کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات پر روشنی ڈالی، آئی جی پنجاب نے کہا وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق خواتین کا تحفظ اور صنفی جرائم کا خاتمہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے، پنجاب پولیس خواتین سے متعلقہ ہر جرم پر زیرو ٹالرنس کے تحت سخت قانونی کاروائی پر کاربند ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کسی خاتون پر تشدد، ہراسگی یا حقوق کی سلبی اب ہرگز برداشت نہیں ہوگی، پنجاب کے تمام پولیس پولیس سٹیشنوں، خدمت و تحفظ مراکز، دفاتر کے دروازے خواتین کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ خواتین پنجاب پولیس کی ویمن سیفٹی ایپ 15 ایمرجنسی نمبر اور 1787 کمپلینٹ سنٹر سے بھی مدد کیلئے رجوع کر سکتی ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ ہماری مائیں ، بہنیں اور بیٹیاں مکمل محفوظ ماحول میں اپنی زندگیاں گذار سکیں۔ واک میں پنجاب پولیس کے دیگر افسران نے بھی خطاب کیا اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کئے گئے حالیہ اقدامات پر روشنی ڈالی۔