اسلام آباد:(بیورورپورٹ)قائدوصدر ن لیگ نواز ،شہباز نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط کو ایک اور ملک دشمنی قرار دےدیا۔
پارلیمنٹ ہاﺅس آمد پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قائد ن لیگ نواز شریف نے کہاآئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے،کوئی سیاسی جماعت ایسے خط نہیں لکھ سکتی، خط سے آپ خود ہی نتیجہ اخذ کر لیں،طویل جلا وطنی کے بعد قومی اسمبلی میں واپسی پر جذباتی کیفیت ہے،اپنے گھر واپسی اور پارلیمنٹ میں حلف اٹھانے پر بے حد خوشی ہے۔
نوازشریف نے کہا ملک کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے ،سب کو ملکر ملک و قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی،ملک و قوم کی خدمت کیلئے پر عزم ہوں ،پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے بھر پور اقدامات کریں گے۔
نامزد وزیر اعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے کہاعمران خان کا آئی ایم ایف کو خط سائفر کے بعد ایک اور ملک دشمنی ہے،خط جان بوجھ کر پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلنے کی سازش اورمعیشت ،عوام کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے،شہبازشریف نے کہا خط وہی لکھ سکتے ہیں جن کا وطیرہ صرف ملک دشمنی ہو،بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں ملک مزید تباہی کا شکار ہو،خط انتہائی قابل مذمت اور وطن سے غداری کے مترادف اورسائفر کے بعد ملک کیلئے ایک اور بڑا دھچکا ہے۔
صدر ن لیگ نے کہا پی ٹی آئی خط کی وجہ سے آئی ایم ایف ،عالمی اداروں کادباﺅ بڑھنے سے ملک کو نقصان ہوگا،پی ٹی آئی قیادت نے ملک و قوم سے دشمنی کی حد کر دی ،آئی ایم ایف پاکستان کو مطلوبہ رقم مہیا نہیں کرتا تو غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں گے، ملک میں غربت بڑھے گی، اقدام کسی بھی طور دانشمندانہ نہیں ،ملک مزید بحرانوں کی دلدل میں دھنس جائے گا۔
شہباز شریف نے کہاکسی کو کوئی شک نہیں رہنا چاہیے پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں پاکستان مکمل طور پر تباہ ہو جائے، ملکی سالمیت و بقا کو نقصان پہنچانا کسی طور قابل معافی نہیں ، پی ٹی آئی قیادت کو اب ہوش کے ناخن لینے اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا 9مئی کو ملک جلانے والے اب معیشت کو آگ لگانا چاہتے ہیں، سازش پھر ناکام ہوگی،جمہوریت جیت چکی ،راہ میں روڑے اٹکانے والے ناکام ہوگئے ۔
ن لیگی رہنما عطاتارڑ نے کہابانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملکی معیشت کےخلاف ہے،عمران خان معیشت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ،آپ کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،پاکستان و معیشت کی بحالی کیلئے کام کرنا ہوگا۔
عطا تارڑ نے کہا ذاتی کی بجائے قومی مفادکو قربان کیا گیا، عمران خان جمہوریت کو ڈی ریل ،معیشت تباہ کرنا چاہتے ہیں،اتحادیوں کےساتھ ملکر اچھی و مربوط حکمت عملی بنائیں گے، مل جل کرملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمن نے کہاپی ٹی آئی کا خط ریاست پاکستان اور آئی ایم ایف معاہدے میں رکاوٹ پیدا کرنے کی ناکام سازش کے سوا کچھ نہیں،پی ٹی آئی نے خط لکھ کر پھر ثابت کیا وہ سیاسی مفادات کو ملکی مفادات پر ترجیح دیتی ہے، معاہدے شخصیات نہیں ممالک اور عالمی اداروں کے بیچ ہوتے ہیں۔
شیری رحمن نے کہا خط سے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونےوالے معاہدے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا،پی ٹی آئی کی قیادت نے منفی سیاست سے ابھی تک کنارا نہیں کیا،سازشیں گھڑنے کی بجائے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا مثبت و تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔
عمران کاآئی ایم ایف کو خط ملک دشمنی کاایک اور ثبوت ہے،نواز،شہباز
















