سسٹم کی بہتری کیلئے کا م جاری، انتظامیہ فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتی ہے:چیف ایگزیکٹو لیسکو

لاہور (خبرنگار) چیف ایگزیکٹو انجینئر لیسکو شاہد حیدرنے کہا ہے کہ ادارے کے ترسیلی نظام کی مضبوطی اور سسٹم کی اَپ گریڈیشن سے متعلق بے شمار کام سر انجام دئیے جا رہے ہیں۔ بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ریجن بھر میں اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف انجینئر او اینڈ ایم (ٹی اینڈ جی)کے زیر نگرانی جی ایس او کی ٹیمیں سالانہ مرمتی اور ترقیاتی کاموں کے علاوہ بھی سسٹم کو مکمل طور پر مستحکم اور مضبوط رکھنے کیلئے بے شمار کام سر انجام دے رہی ہیں۔جی ایس او سرکل کی ٹیموں نے رواں سال کے آخری ماہ میں لیسکو کے 132Kvسسٹم کے جو مرمتی کام سر انجام دئیے جبکہ ایک11KVنیا فیڈر نکالا گیا ہے،کرنٹ ٹرانسفارمر کی تبدیلی،ایک لائٹنگ اریسٹر لگا یا گیا جبکہ اور بھی دیگر کام سرانجام دئیے گئے۔ انجینئر شاہد حیدر نے مزید کہا کہ سسٹم کی بہتری کے کا م جاری ہیں جس پر لیسکو انتظامیہ تمام فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتی ہے۔لیسکو سسٹم کو درپیش تما م رکاوٹیں ختم کرنے کے اپنے ٹارگٹ پر بھر پور طریقے سے مصروف عمل ہے اور سسٹم کو مزید مضبوط اور بہتر بنانے کیلئے لیسکو نے بہت سے ٹھوس اقدامات کئے ہیں جس کے باعث صارفین کوبلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے خصوصی وفد نے گزشتہ روز ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جی ایم ٹیکنکل عامر یاسین، چیف فنانس آفیسر بشریٰ عمران اور چیف انجینئر ڈویلپمنٹ طاہر میو بھی موجود تھے۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی رکھتا ہے۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں سرمایہ کاری کا خواہشمند ہے۔ سرمایہ کاری کا مقصد بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے سرمایہ کاری کی پیشکش خوش آئندہے۔ دوسری طرف لیسکو شالا مار ڈویژن نے ٹاسک فورس کے ہمراہ گرینڈ آپریشن کیا اور ٹاسک فورس کے ہمراہ مومن پورہ، ہانڈو گجراں اور رام پورہ کے علاقوں میں سرچ کیا۔ دوران آپریشن 16ملزمان کو بجلی چوری کرتے پکڑا جو کہ ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کر رہے تھے۔ موقع پر ملزمان کے کنکشن منقطع کر دئیے گئے اور ملزمان کیخلا ف ایف آئی آر کے لئے درخواست متعلقہ تھانوں میں جمع کروا دی گئی۔ محکمہ کی جانب سے ملزمان کو 17461 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔