کراچی (مشرق نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار ہے۔ آج کاروباری ہفتے کے آغاز پر اسٹاک ایکسچینج میں 850پوائنٹس کی تیزی دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس کی 63000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور ہوگئی اور انڈیکس بڑھ کر 63665پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرمایہ کاروں میں نئی مخلوط حکومت سے وابستہ توقعات، نئی حکومت کے اقتدار سنبھالتے ہی عالمی مالیاتی ادارہ سے جاری پروگرام کی آخری قسط حاصل کرنے کے ساتھ 6 سے 7ارب ڈالر مالیت کے نئے قرض پروگرام میں شمولیت کیلئے تگ ودو کی امیدوں کے باعث پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل برقرار ہے۔
سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئی مجوزہ مخلوط حکومت چونکہ نگراں حکومت سے قبل بھی مختصر دورانئے کیلئے برسراقتدار رہی ہے لہٰذا وہ پہلے ہی معاشی بحران سے بخوبی طور پر آگاہ ہے۔ متوقع نئی حکومت سے توقعات رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار مخلوط حکومت کو 5سالہ مینڈیٹ حاصل ہے لہٰذا مجوزہ نئی مخلوط حکومت سے یہ بھی توقع کی جارہی ہے کہ وہ آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت یقینی بنانے اور معیشت کو درست سمت پر لے جانے کیلئے اصلاحات کا تسلسل برقرار رکھنے میں کامیاب ہوسکے گی۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی، 63 ہزار کی نفسیاتی سطح عبور
















