سی بی ڈی پنجاب کا اہم منصوبہ ”روٹ 47“ مکمل، وزیراعلیٰ کی جانب سے افتتاح متوقع

لاہور (پ ر) سی بی ڈی پنجاب نے کامیابی کے ساتھ ایک اور اہم منصوبہ سی بی ڈی روٹ 47 مکمل کر لیا ہے۔ 4.2 کلومیٹر طویل 3 لین والی دو رویہ سڑک کا افتتاح کل وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کریں گے۔ منصوبہ صوبے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔ سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے منصوبے کی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں سی بی ڈی روٹ 47 کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی بی ڈی پنجاب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمرشل محمد عمر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین، ڈائریکٹر مارکیٹنگ وسیم صدیق، ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ آصف اقبال، ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ سمیر آفتاب سیال اور ڈائریکٹر کنسٹرکشن آصف بابر نے ین ایل سی اور نیسپاک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے کہا کہ سی بی ڈی روٹ 47 ٹریفک کی روانی کو بہتر کرے گا، جو پنجاب کے رہائشیوں کیلئے بغیر کسی رکاوٹ کے اور موثر سفر کی سہولت دیگا۔ سی بی ڈی روٹ 47 کا نام بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح انکے ساتھیوں اور آزادی کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دیا گیا ہے۔ سی بی ڈی روٹ 47 کو حکمت عملی کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ مین بلیوارڈ گلبرگ، سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ سے والٹن روڈ، سی بی ڈی پنجاب باب ڈسٹرکٹ تک آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔ یہ منصوبہ سی بی ڈی پنجاب کے روابط اور بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو خطے کی مجموعی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتا ہے۔