لاہور (کامرس رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وفد نے صدر کاشف انور کی قیادت میں گورنر ہاوس لاہور میں ملاقات کی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران میاں عتیق الرحمن، طارق محبوب، جبار خالد، راجہ حسن اختر، شمیم اختر، فریحہ یونس، ملک ندیم، ریاض الحسن، ملک عثمان، رضوان حیدر اور وسیم یوسف بھی اس موقع پر موجود تھے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے صدر عارف علوی اور خاتون اوّل ثمینہ علوی کی صنعت و تجارت، خواتین کو بااختیار بنانے، چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی، تعلیم اور ذہنی مسائل سمیت مختلف سماجی کاموں کیلئے کوششوں کوسراہا۔ صدر مملکت نے کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کے فروغ، خصوصی افراد کے حقوق ، سماجی آگاہی کیلئے لاہور چیمبر کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اسلامی تاریخ سے رہنمائی لیتے اور اسکی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہیں۔ انہوں نے فیملی یونٹ کو مضبوط اور بااختیار اور بچوں کے حقوق یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا صرف افغانستان سے پیچھے رہنا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے خواتین ، خصوصی افراد کے حقوق، پاکستان میں غذائی قلت اور سکول نہ جانے والے بچوں کی حیران کن تعداد کے مسائل پر بھی اظہار خیال کیا۔ صدر علوی نے پالیسی سازی میں سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی اہمیت پر زور دیا۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے ڈاکٹر عارف علوی کے دور میں ایوان صدر سے ملنے والی سپورٹ اور وہاں منعقد رہنے والی متعدد تقریبات پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر معیشت اور کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ کاشف انور نے امید ظاہر کی کہ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد کاروباری شعبہ میں استحکام آئیگا۔ انہوں نے چھاتی کے کینسر ، صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کے شعبوں سے متعلق خاتون اول کی کاوشوں کو سراہا۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے انتھک کوششیں کررہا ہے جن میں وومن ایمپاورمنٹ لاﺅنج کا قیام اور کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کی بہترین کارکردگی کو سراہنے کیلئے تقریب کا انعقاد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے آئی ٹی فری لانسرز کی خدمات کو سراہنے کیلئے بھی تقریب منعقد کی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ 7 سے 9 مارچ تک منعقد ہونے والے سارک میلے کیلئے مکمل تعاون کیا جائیگا۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے ون ونڈو فیسیلی ٹیشن ڈیسک پر بھی روشنی ڈالی۔
درپیش سماجی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے:صدر مملکت
















